مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس سے خلیجی ممالک کے لیے آج 84 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے مشرقِ وسطیٰ کے لیے 20 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے 18 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اسی طرح لاہور ایئرپورٹ پر 18، پشاور ایئرپورٹ پر 16، ملتان ایئرپورٹ پر 4 اور سیالکوٹ ایئرپورٹ پر 8 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
منسوخ ہونے والی پروازوں میں مختلف ملکی اور غیر ملکی فضائی کمپنیوں کی پروازیں شامل ہیں۔
حکام کے مطابق گزشتہ 12 روز کے دوران پاکستان سے خلیجی ممالک کے لیے منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 1308 تک پہنچ چکی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں جنگی صورتحال کے پیش نظر متحدہ عرب امارات، قطر، ایران، کویت اور بحرین کی فضائی حدود بند ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ فضائی حدود کی بندش کے باعث 28 فروری سے ہزاروں پاکستانی مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اس وقت دوحہ، دبئی، ابوظہبی، شارجہ اور بحرین سمیت دیگر ایئرپورٹس سے محدود بنیادوں پر ریلیف پروازوں کی اجازت دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب فیصل آباد ایئرپورٹ پر آج دبئی، شارجہ اور راس الخیمہ سمیت دیگر بین الاقوامی پروازوں کا آپریشن معمول کے مطابق بحال ہو گیا ہے۔
