کراچی کے عوام پر کرپٹ مافیا، ٹینکر مافیا، ٹھیکیدار مافیا مسلّط

نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے رکن سندھ اسمبلی اور جماعتِ اسلامی کے رہنما محمد فاروق فرحان کی جانب سے حلقہ کے عوام اور معززین کے اعزاز میں دیئے گئے افطار پروگرام سے خطاب، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام پینے کے پانی کو ترس گئے، سیوریج لائن کے پانی کی نکاسی کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے کراچی کے عوام مختلف بیماریوں کا شکار ہیں، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں سندھ کے حکمرانوں کا منہ چڑا رہی ہیں۔ کراچی کے عوام پر کرپٹ مافیا، ٹینکر مافیا، ٹھیکیدار مافیا مسلّط ہیں۔ کراچی کے عوام کی کُھلی رائے کے مقابلہ میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے ہر دھاندلی کا راستہ اختیار کرکے اپنی ضِد پوری کرتے ہوئے کراچی پر جیالا میئر مسلط کردیا لیکن اُن کی یہ خواہش کراچی کے عوام کے لئے عذاب بن گئی ہے۔ اب بلاول بھٹو اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کراچی کے عوام سے معافی مانگیں اور کراچی میٹروپولیٹن کے نمائندوں کو آزادانہ مرضی سے کراچی کا نیا میئر منتخب کرنے کا حق دیا جائے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ تیسری مرتبہ ایران میں شکست سے دوچار ہورہا ہے۔ اسرائیل کی ناجائز سرپرستی اور امریکہ پر صیہونیت کا قبضہ خود امریکی معیشت اور نظام کے لئے بڑی تباہی کا باعث بن رہا ہے۔ امریکی عوام، ارکان کانگریس و سینیٹ کے لئے یہ بہت اہم موقع ہے کہ وہ اسرائیلی صیہونی سرپرستی کے بدلے پوری دُنیا کی مخالفت مول لینے کی امریکی پالیسی ترک کرنے کے لئے اقدامات کریں۔ صدر ٹرمپ کی اقتصادی دہشت گردی اور “امن بزورِ طاقت” کی پالیسی مشرقِ وسطیٰ میں دفن ہوگئی ہے، بلکہ بیک فائر کرگئی ہے۔ جنگوں کو بلاوجہ مسلّط کرنے کے جرم میں امریکی پارلیمنٹ صدر ٹرمپ کا مواخذہ کرے۔ ایران کے عوام نے اپنے نظام اور قیادت کے تحفظ اور یکجہتی کا غیرمتزلزل عہد کرلیا ہے، پاکستان کے عوام اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف خطہ میں امن اور استحکام کے لئے ایران اور افغانستان سے تعلقات کو مضبوط اور پائیدار بنانے کو ترجیح بنائیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ 13 مارچ بروز جمعہ پورے ملک میں “یوم القدس” اور ایران پر امریکی اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور شہید رہبر علی خامنہ ای کی شہادت پر فقیدالمثال عوامی احتجاجی ریلیاں اور پُرامن مظاہرے ہونگے۔ پوری دُنیا میں بڑھتے فساد کے مقابلہ میں پاکستان بھر میں یہ احتجاجی ریلیاں اتحادِ اُمت کا فقیدالمثال مظاہرہ ہونگیں۔