لاہور———–نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاک افغان تعلّقات میں کشیدگی طول پکڑ رہی ہے۔ افغان طالبان حکومت دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی ختم کردے اور خطّے میں پائیدار امن کے لئے واضح، ٹھوس اقدامات کرے، خطے میں جنگ کے خطرات بڑھتے جارہے ہیں۔ ملک میں سیاسی استحکام کے لئے سیاسی بحرانوں کا خاتمہ ازحد ضروری ہے۔
لیاقت بلوچ نے اسلامی جمعیت طلبہ کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اہم سالانہ اجلاس میں شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ ملک گیر، منظم، متحرک اور ملک بھر کے طلبہ کی مقبول تنظیم ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ نے 78 سال تک جہدِ مسلسل کے ساتھ اسلامی نظریاتی کردار اور طلبہ و نئی نسل کے تحفظ کے لئے بے لوث انتھک محنت کا تسلسل جاری رکھا ہوا ہے،سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ، مفادپرست حکمران، مصنوعی عارضی بیمقصد جذباتی پاپولر لہریں پیدا کرنے والے حکمران،جاگیردار و سرمایہ دار اور نئی قیادت سے خائف طبقات طلبہ کے جمہوری حقوق کو بحال کرنے کے لئے تیار نہیں۔ سپریم کورٹ، اسمبلیوں اور کابینہ میں فیصلوں کے باوُجُود پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حکومتیں طلبہ یونینز کے انتخابات نہیں کرارہی،نئی نسل اور طلبہ و طالبات کی جمہوری قومی تربیّت کے لئے طلبہ یونینز کے انتخابات کرائے جائیں۔
لیاقت بلوچ نے معروف سیاسی رہنما سید زعیم قادری کے لئے منعقدہ دعائیہ تقریب میں شرکت، سابق سیکرٹری اطلاعات شعیب بن عزیز کے بھائی عاصم عزیز کی وفات پر تعزیت کی اور جماعت اسلامی کے سینئر رہنما فیض الباری کی طرف سے عوامی افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ رمضان پوری اُمت کو قرآن و سُنت پر متحد ہونے کا پیغام ہے،خِطّہ اور عالمی حالات گھمبیر ہوگئے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی قیادت اور عوام نے امریکہ و اسرائیل کی منہ زور غنڈہ گردی کو لگام ڈال دی ہے۔ امریکہ اور اسرائیل ایران پر جنگ مُسلط کرکے عالم اسلام میں تقسیم کو گہرا اور فرقہ پرست فضاء کا زہریلا ماحول پیدا کررہا ہے۔ امریکہ و اسرائیل اپنے ناجائز اقدام اور ناجائز وجود کے تحفّظ کے لئے بیگناہ انسانوں کا قتلِ عام اور بستیوں کو تاراج کئے جارہے ہیں۔ مُسلم ممالک اپنی سرزمین پر موجود امریکی اڈوں سے ایران پر حملے رکوائیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاک افغان تعلّقات میں کشیدگی طول پکڑ رہی ہے۔ افغان طالبان حکومت دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی ختم کردے اور خطّے میں پائیدار امن کے لئے واضح، ٹھوس اقدامات کرے،عالم اسلام کی قیادت ایران اور افغانستان کی صورتِ حال سے لاتعلق نہ رہیں، حالات اور عالمی تناظر میں فوری اور ہنگامی بنیادوں پر اپنا فعال، مؤثر کردار ادا کرے۔ پاکستان کے عوام اپنی آزادی اور سلامتی کے تحفّظ کے لئے بنیان مرصوص ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ خطے میں جنگ کے خطرات بڑھتے جارہے ہیں۔ ملک میں سیاسی استحکام کے لئے سیاسی بحرانوں کا خاتمہ ازحد ضروری ہے۔ اپوزیشن کا ملکی، خطّہ اور عالمی حالات سے لاتعلق رہنا بحرانوں کو گہرا کررہا ہے۔ قومی سیاسی قیادت موجودہ حالات میں متحرک قومی کردار اداکرے اور حکومت و سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ بھی اپنا مائنڈ سیٹ بدلیں۔
