راولپنڈی
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیرِ اہتمام جاری سحر و افطار کچن رمضان المبارک کے 26ویں روزے پر اختتام پذیر ہوگیا۔ ماہِ رمضان کے دوران یہاں روزانہ بڑی تعداد میں مزدور، مسافر اور کم آمدنی والے افراد کے لیے سحری اور افطار کا اہتمام کیا گیا، جہاں سینکڑوں افراد نے اس بابرکت دسترخوان سے استفادہ کیا۔
جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی انجینئر مبین صدیقی نے کہا کہ کمیٹی چوک میں مستقل بنیادوں پر دسترخوان لگانے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ مستحق افراد کو مستقل طور پر کھانے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے راولپنڈی کے دیگر علاقوں میں بھی دسترخوان اور سستا تندور قائم کیے جائیں گے، جہاں عام مزدور اور مستحق طبقہ مناسب اور کم قیمت پر کھانے کی سہولت سے مستفید ہو سکے گا۔
مبین صدیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوامی خدمت اور فلاحی منصوبوں کے ذریعے معاشرے کے محروم طبقات کی مدد کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، اور آئندہ بھی ایسے منصوبوں کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند افراد تک سہولیات پہنچائی جا سکیں۔
