علی لاریجانی کی شہادت پر گہرے صدمہ اور رنج کا اظہار

نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے اسلامی جمہوریہ ایران پر جاری امریکی اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ایران کے سکیورٹی چیف اور پارلیمنٹ کے سابق سپیکر علی لاریجانی کی شہادت پر گہرے صدمہ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قیادت کو ٹارگٹ کرکے قتل کرنا امریکہ اور اسرائیل کے جنگی جرائم میں مسلسل اضافہ کررہا ہے۔ قیادت کو ٹارگٹ کرنے سے مضبوط ایرانی سیاسی، سماجی ڈھانچے کو کمزور نہیں کیا جاسکتا جس کی جڑیں پوری گہرائی کے ساتھ عوام میں ہیں ۔ عالمی برادری کو امریکی اسرائیلی وحدت کے تدارک کے لئے مشترکہ اقدامات کرنا ہونگے۔ امریکی صدر ٹرمپ جنگی جنون اور پاگل پن میں عالمی حمایت اور امریکی عوام کی حمایت سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔ سوویت یونین کے خاتمہ کے بعد امریکی صدر ٹرمپ اب امریکہ کا گورباچوف ثابت ہورہا ہے۔ دُنیا بھر کی معیشت کو تباہ کرنے، انسانوں پر بھوک، افلاس اور معاشی مشکلات مسلّط کرنے کے جرم کے مقابلہ میں عالمی برادری بھیگی بلی بنی رہنے کی بجائے انسانیت کے تحفظ اور امریکی جنگی جنون کے خاتمہ کے اقدام کرے، وگرنہ ایران پر شکست خوردہ امریکہ اورو اسرائیل کا ایٹمی حملہ دُنیا کو بڑی تباہی سے دوچار کردے گا۔
لیاقت بلوچ نے جامع مسجد منصورہ میں معتکفین کے اجتماع اور البلاغ جامع مسجد وفاقی کالونی میں تراویح تکمیلِ قرآن اور اتفاق کالونی میں 27 ویں رمضان یومِ پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ رمضان پوری اُمت کی تربیت اور وحدت کے رشتوں کو مضبوط کرتا ہے، عالمِ اسلام کے پاس ذِلّت اور غلامی سے نجات کا واحد راستہ اتحادِ اُمت اور غلبہ دین ہی ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگی کشیدگی طول پکڑ رہی ہے، جس سے دونوں پڑوسی ممالک کے عوام بُری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ افغانستان کی قیادت دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کی غلطی کا ازالہ کرے اور پاکستان، افغانستان چین کی ثالثی پر اتفاق کرلیں۔ ترکی اور قطر بھی عالمِ اسلام کے وسیع تر مفاد میں پاک-افغان تنازعہ کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔
لیاقت بلوچ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے پاس تیل کے وافر ذخائر موجود ہیں تو تیل کی قیمتوں میں فوری کمی لاکر عوام اور معیشت کو دباؤ سے نکالا جائے۔ پنجاب حکومت سرکاری ریٹ پر کاشت کار سے گندم خریداری یقینی بنائے، گندم کے کاشت کار کا تیسرا سیزن بھی تباہ کیا گیا تو زراعت اور کِسان ہی نہیں قومی معیشت بھی ڈوبے گی۔ جماعتِ اسلامی عیدالفطر کے بعد عوامی مسائل کے حل اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ملگ گیر پُرامن زبردست عوامی جدوجہد کا آغاز کرے گی