پاکستان کی امن کے لئے زبردست سفارت کاری عالمی سچائی بن گئی

نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی شکست، بہادر عظیم ایرانی قوم کی عظیم فتح اور پاکستان کی امن کے لئے زبردست سفارت کاری عالمی سچائی بن گئی ہے۔ صدر ٹرمپ نے معاشی مفادات کے لئے اقتصادی چوری کی واردات سے امریکہ کو دُنیا بھر میں رُسوا کردیا اور عالمی امن و معاشی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیا۔ امریکہ کے نااہل، پاگل پن کے شکار صدر کا مواخذہ اب امریکی قوم، امریکی جمہوریت اور امریکہ کے منتخب آئینی اداروں کا فرض بن گیا ہے۔ جنگ بندی کا دشمن صرف اور صرف اسرائیل ہے، اسرائیل کی نابودی اور نیتن یاہو کے جنگی جرائم کی سزا پوری دُنیا پر قرض ہے۔
لیاقت بلوچ نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیرخارجہ پاکستان کی انتھک محنت، لگن اور کامیاب سفارت کاری پر مبارکباد دی۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن جس عمل اور محنت سے پاکستان کو عزت مِلے وہ سب کا مشترکہ سرمایہ اور عزت ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد سے انڈیا کی جارحیت کے مقابلہ میں معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی، ثالثی، سفارت کاری کی کامیابیاں پورے ملک کا اعزاز ہے لیکن اِس امر پر غافل نہ ہوں کی ملک میں سیاسی بحرانوں کا خاتمہ ضروری ہے۔ سیاسی اور معاشی استحکام ہی عالمی سفارتی محاذ پر کامیابی کے ثمرات عوام کی طرف منتقل کرنے کا باعث ہونگے۔ سیاسی، معاشی، زرعی و صنعتی بحرانوں کا خاتمہ قومی قیادت کی ذمہ داری بلکہ اہم ترین قومی فرض ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری کا خاتمہ اور بیرونی دشمن قوتوں کی مسلّط کردہ دہشت گردی سے نجات کے لئے قومی ڈائیلاگ، قومی کانفرنس اورو مستقبل کے لائحہ عمل پر اتفاقِ رائے ضروری ہے۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل اندرونی محاذ پر بھی حقائق کی بنیاد پر قومی استحکام کے لئے اقدام کریں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسلام آباد میں ایران-امریکہ مذاکرات کے تناظر میں جے یو آئی کے احتجاج اور پاکستان تحریکِ انصاف کے جلسہ عام کا التواء مثبت سیاسی اقدام ہے، حکومت بھی اپوزیشن کے اِن مثبت سیاسی اقدامات کا مثبت جواب دے۔ مِلی یکجہتی کونسل کی مرکزی مجلسِ عاملہ کا اجلاس 11 اپریل 2026ء کو ڈاکٹر ابوالخیر زبیر کی صدارت میں ہوگا اور آئندہ کے لائحہ عمل کی سفارشات طے کی جائیں گی