نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں سیاسی مشاورتی اجلاس، الخدمت فاؤنڈیشن راولپنڈی کے ہیڈ آفس کے وزٹ اور “بنو قابل پروگرام” میں تربیت پانے والے طلبہ و طالبات، اُن کے والدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا عالمی حالات تیزی بدل رہے ہیں، دُنیا بھر کے عوام بیدار ہورہے ہیں، استعماری اور ظلم و ستم کی بنیاد پر قائم قوتیں زمین بوس ہورہی ہیں۔ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے معرکہ حق میں کامیابی کے بعد سے عالمی سفارتی، علاقائی محاذ پر بڑی عزت اور کامیابی دی ہے۔ ایران پر امریکہ و اسرائیل کی مسلّط کردہ ناجائز جنگ میں ثالثی کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششیں حوصلہ افزاء ہیں۔ اندرونی محاذ پر بھی پاکستان کے لئے ناگزیر ہے کہ ریاست کے بااختیار طبقات، قومی سیاسی دینی قیادت اور عوام بیک وقت انتہائی ذمہ دارانہ رویوں کے ساتھ اندرونی سیاسی، انتظامی، آئینی اور اقتصادی بحرانوں پر اپنے اپنے دائروں سے نکل کر قومی کردار ادا کریں۔ ایران کے عوام نے عظیم یکجہتی کے ساتھ امریکہ اور اسرائیل کے دانت کھٹے کردیئے ہیں، اب انصاف پر مبنی تصفیہ ہی امن کا دروازہ کھولے گا۔ دُنیا امن چاہتی ہے، انسانیت کی بقاء امن سے وابستہ ہے، دُنیا کو بدامنی اور دہشت گردی دینے والے ظالم ہیں۔ امن کو یقینی نہ بنایا گیا تو استعماری قوتوں کا پاگل پن ایٹمی ہتھیار کے استعمال کی طرف لے جائے گا جو پوری دُنیا کے لئے بڑی تباہی ہوگی۔
لیاقت بلوچ نے ایران کے سعودی عرب اور امارات کی قیادت سے رابطوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا دورہ سعودی عرب اور فیلڈ مارشل کا دورہ ایران بھی بروقت اقدام اور ایران، امریکہ کے درمیان جاری مذاکراتی عمل کے حوالے سے اہم ترین پیشرفت ہے۔ ایرانی قیادت اور امریکہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری مذاکراتی عمل کے حوالے سے پاکستان ہی واحد مؤثر اور غیرمعمولی ثالثی کا کردار ادا کررہا ہے اور حکمران قیادت کے دورے بھی اِسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ پاکستان میں امن مذاکرات کے دوسرے دور کا انعقاد بہت اچھا اقدام ہوگا۔ جماعتِ اسلامی عالمی امن اور عالمِ اسلام کے اتحاد کے لئے ہر مثبت اقدام کا خیرمقدم کرتی ہے۔
لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ ملک کے اندر سیاسی بحران اور ہر سطح پر بےاعتمادی کے بحران کا خاتمہ سیاسی، حکومتی، عسکری قیادت کی گردن پر قرض ہے۔ تمام صوبوں اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بااختیار بلدیاتی نظام عوام کا بنیادی آئینی حق ہے۔ پنجاب حکومت عوام سے ناٹک اور ہیرا پھیری بند کرے اور عوام کا بااختیار بلدیاتی نظام اور انتخاب کا حق بحال کرے۔ پنجاب میں حکومت کے دعوؤں کے برعکس گندم کی خریداری کے حوالہ سے شکایات بڑھتی جارہی ہیں۔ حکمران زراعت کو تباہی سے بچائیں، کسانوں کو تحفظ دیں۔#
