امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق کا اعلان کر دیا۔ دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کی تصدیق بھی کر دی۔
اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے اور نائب صدر وانس نے گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران پاک بھارت حکام سے بات چیت کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے وزیراعظم، وزیر خارجہ اور مشیر قومی سلامتی سے گفتگو ہوئی جبکہ پاکستان کے وزیراعظم، آرمی چیف اور مشیر قومی سلامتی سے بھی رابطہ کیا گیا۔مارکو روبیو نے اعلان کیا کہ پاکستان اور بھارت نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک ایک غیر جانبدار مقام پر وسیع تر مسائل پر بات چیت کا آغاز بھی کر چکے ہیں۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم وزیراعظم مودی اور وزیراعظم شہباز شریف کو امن کا راستہ چننے پر سراہتے ہیں۔
دونوں رہنماؤں کی دانشمندی، سمجھداری اور مدبرانہ قیادت قابل تعریف ہے۔