لیموں شہریوں کی پہنچ سے دور

گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی گرمی کا توڑ سمجھا جانے والا لیموں شہریوں کی پہنچ سے دور ہوگیا، فی کلو قیمت میں 300 روپے تک اضافہ ہوگیا۔

ملتان کی تپتی دھوپ پارہ ہائی ہوگیا، گرمی سے بچنے کیلئے شہری سکنجبین لمکا اور دیگر مشروبات میں لیموں کا استعمال زیادہ کرتے ہیں تاہم مانگ بڑھنے پر لیموں کی قیمت میں خود ساختہ اضافے نے شہریوں کے ہوش اڑا دئیے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سبزی فروشوں نے لیموں کی قیمت میں خود ساختہ 300 روپے فی کلو تک اضافہ کردیا، مارکیٹ میں ایک ہفتہ پہلے 500 روپے میں فروخت ہونیوالا لیموں اب 800 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔

دکانداروں نے سرکاری ریٹ بھی نظر انداز کردیا ہے۔ کہتے ہیں کہ منڈی کے اندر لیموں کا ریٹ 800 ہے اب ہم یہاں پر آکر کیا بیچیں گے، سرکاری لسٹ میں ریٹ 535 روپے دیا ہے اس لئے ہم لے کر ہی نہیں آرہے۔

شہریوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ لیموں کی بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے۔