بنگلادیش میں فوج کی اعلیٰ قیادت میں اہم رد و بدل

بنگلادیش میں فوج کی اعلیٰ قیادت میں اہم رد و بدل کر دیا گیا ہے۔ بنگلادیشی میڈیا کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد معین الرحمٰن کو بنگلادیش آرمی کا چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کر دیا گیا ہے۔

میجر جنرل قیصر رشید چوہدری کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فورسز انٹیلی جنس (ڈی جی ایف آئی) کا ڈائریکٹر جنرل تعینات کیا گیا ہے، جبکہ لیفٹیننٹ جنرل میر مشفق الرحمٰن کو آرمڈ فورسز ڈویژن کا پرنسپل اسٹاف آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔

سابق پرنسپل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کی خدمات وزارت خارجہ کے سپرد کر دی گئی ہیں، جبکہ میجر جنرل محمد جہانگیر عالم کو وزارت خارجہ میں سفیر تعینات کیا گیا ہے۔

یہ تقرریاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب 12 فروری کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے 209 نشستیں حاصل کر کے واضح اکثریت حاصل کی، جبکہ جماعت اسلامی نے 77 نشستیں جیتیں۔ بی این پی کے سربراہ طارق رحمان وزیراعظم کا عہدہ سنبھال چکے ہیں، جبکہ جماعت اسلامی کے امیر کو اپوزیشن لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔