اسلامی جمہوریہ ایران پر بِلاجواز جارحیت اور وحشیانہ حملہ

نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے جماعتِ اسلامی سندھ کی دعوت پر کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، بدین، ماتلی، سکرنڈ، نواب شاہ، منصورہ ہالہ، ٹنڈو الہ یار، میرپور خاص میں عید ملن، ورکرز کنونشنز سے خطاب کیا، یومِ پاکستان پروگرامات اور لاہور میں ڈاکٹر مجید ایبل کی دعوت پر نولکھا چرچ میں عیدملن اور بین المذاہب ہم آہنگی تقریب سے خطاب کیا.
لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل اپنے مظالم کے شکنجے اور اللہ کی گرفت میں آگئے ہیں، غزہ فلسطین پر نسل کشی اور قیامت برپا کرنے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ صیہونیت اسرائیلیت کے ہاتھوں یرغمال بن گئے اور اسلامی جمہوریہ ایران پر بِلاجواز جارحیت اور وحشیانہ حملہ کردیا، ایران کے عوام نے تاریخ ساز مزاحمت کے ساتھ امریکہ، اسرائیل کو ذِلّت و شکست سے دوچار کردیا. امریکہ کے پاس اب ایران کی شرائط تسلیم کرنے کے سِوا کوئی چارہ نہیں. امریکہ صیہونیت کی ناجائز سرپرستی کرکے تنہا ہوا ہے. اتحادیوں نے بھی رُخ پھیرلیا، دُنیا بھر کے عوام جنگ اور اقتصادی تباہی کے خلاف ہیں، جنگ مسلّط کرکے اسلحہ گولہ بارود، ٹیکنالوجی فروخت کو انسانیت کے خلاف سنگین عالمی جرم بن گیا ہے. پاکستان، ترکی، مصر اور سعودی عرب کی ثالثی کی کوششیں اچھا اقدام ہے. ثالثی کا اُصول ظالم اور جارح کو سزا دینا ہونا چاہئیے. اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنی آزادی، اسلامی انقلابی نظام کی حفاظت، قیادت کی شہادتوں کے باوجود استقامت اور کامیاب ردّعمل سے نئی تاریخ رقم کردی ہے. دُنیا بھر میں ن کے قیام، امریکہ اور یہود و ہنود کے مجرمانہ، ظالمانہ گٹھ جوڑ کے خلاف اب عالمِ اسلام کا اتحاد ناگزیر ہے.
لیاقت بلوچ نے کہا کہ سندھ میں پی پی پی قیادت اور وڈیروں کے گٹھ جوڑ نے سندھ کے عوام کو تمام شہری اور انسانی حقوق سے محروم کررہا ہے. سندھ باب الاسلام ہے، سندھ کی اجرک اور ٹوپی باعزت، باوقار ثقافت کی پہچان ہے لیکن پی پی پی نے اقتدار پر قبضہ کے بعد سندھ کو کرپشن، ڈاکو راج، بلدیاتی نظام کی تباہی، زراعت، صحت، تعلیمی نظام کی تباہی اور صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب و شاہراہوں، گلیوں کوچوں کی بربادی سے دوچار کردیا ہے. سندھ پر پی پی پی، زرداری خاندان کا ناجائز قبضہ ناقابلِ اصلاح ہے، اب عوام کے پاس ظلم اور کرپشن کے راج سے بغاوت کے سِوا کوئی راستہ نہیں. جماعتِ اسلامی ہر محاذ پر سندھ کے عوام کی خادم اور ہراوّل دستہ ہے. سندھ کے نوجوان اپنے مستقبل کا تحفظ اور باعزت روزگار چاہتے ہیں. #