دارالعلوم اسلامیہ راولپنڈی کے مہتمم مولانا اشرف علی کے انتقال پر دلی رنج اور صدمہ کا اظہار

نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے دارالعلوم اسلامیہ راولپنڈی کے مہتمم مولانا اشرف علی کے انتقال پر دلی رنج اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم تحفظِ ختمِ نبوت، تحفظِ صحابہ و اہل بیت رضی اللہ عنہم اور غلبہ اسلام کی جدوجہد کے عظیم رہنما تھے، تمام مکاتبِ فکر میں اُن کے لئے قدر و منزلت ہمیشہ موجود رہی،مرحوم سادہ اور درویش صفت عالمِ دین تھے. لیاقت بلوچ نے معروف عالم دین، مبلغِ اسلام علامہ ناصر مدنی کے حآدثہ میں زخمی بیٹے کی عیادت اور صحتِ عاجلہ، کاملہ کی دُعا کی. منصورہ میں تلہ گنگ سے مدرّس، مجاہدِ دعوتِ قرآن و سُنت حضرت مولانا عبدالغفار سے ملاقات میں اشاعتِ دعوتِ دین کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا اور سیاسی مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، اسرائیل نے ایران پر ناجائز حملہ کیا. امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے خلاف طویل مدّتی بغض اور اسرائیلی صیہونی سازشی جال میں پھنس کر ایران پر حملہ تو کردیا لیکن اب جگ ہنسائی اور پسپائی کا سامنا ہے. ایران کے خلاف جنگ پر امریکی عوام صدر ٹرمپ کے خلاف ہیں. امریکہ نہیں امریکی صدر ٹرمپ کو شکست ہوگئی، صدر ٹرمپ کو اپنی تباہ کُن غلطی پر امریکی عوام اور پوری دُنیا سے معافی مانگ لینی چاہئے. امریکہ کو اب صیہونیت کا شکنجہ توڑنا ہوگا اور فلسطین کی آزادی کا حق تسلیم کرنا ہوگا.
لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ، ایران دونوں دوبارہ جنگ نہیں چاہتے. امریکہ باعزت پسپائی اور ایران باوقار معاہدہ چاہتا ہے. آبنائے ہُرمُز کی ازسرِنو ناکہ بندی اور بندش عالمی معاشی بحران کو اور زیادہ گہرا کردے گا.
لیاقت بلوچ نے مشاورتی اجلاس میں کہا کہ اسپین میں پاکستانی نوجوان کی اے آئی کمپنی نے اپنی مہارت کا لوہا منواکر کمال کردیا. نوجوان پوری قوم کا فخر ہیں، نوجوانوں کو اعتماد دیا جائے. نوجوانوں کی خداداد صلاحیتوں کو پروان چڑھایا جائے تو پاکستان مستحکم بنیادوں پر ترقی کرے گا. جماعتِ اسلامی کی ممبرسازی اور عوامی کمیٹیوں کا ملک گیر نیٹ ورک عوامی طاقت اور پُرامن مزاحمت، جدوجہد سے پُرامن عوامی انقلاب کی نوید ہے. گندم کاشت کار لُٹ رہا ہے، پنجاب اور سندھ حکومتیں ڈرامہ بازی سے زراعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچارہی ہیں. لیاقت بلوچ نے کہا کہ 26 ویں اور 27 ویں ترمیم سے سیاست، جمہوریت اور عدلیہ پر غلامی و تباہی مسلّط رہے گی. #