نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 25 کروڑ عوام فرسودہ نظام سے بیزار ہو چکے ہیں۔ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہائبرڈ نظام ملک و ملت کے لیے وبالِ جان بن چکا ہے، جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی کے لیے آئینی، جمہوری اور پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے نائب امیر جماعت اسلامی، صدر سیاسی قومی اُمور کمیٹی لیاقت بلوچ نے لاہور میں ممبر سازی مہم کے دعوتی کیمپ میں کارکنان اور میڈیا نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 کروڑ عوام فرسُودہ ، ناکارہ، عوام کی زندگی کو جہنّم بنانے والے نظام سے بے زار ہوگئے ہیں۔ سول-ملٹری لیڈرشپ کا بار بار تسلط، سیاسی جمہوری پاپولر لہروں کی بنیاد پر سیاسی جمہوری آئینی نظام زمین بوس ہوگیا ہے۔ ہائبرڈ نظام ملک و مِلّت کے لئے وبالِ جان بنا ہوا ہے۔ عالمی سفارتی جنگی محاذ پر کامیابیاں پاکستان کے لئے عزت و وقار اور بلندی کا با فخر ذریعہ ہیں لیکن داخلی محاذ پر ملک کے اندرونی مسائل کے حل کے لئے سیاسی، اقتصادی بحرانوں سے نجات ضروری ہے۔ جابر حکمران قوتیں عوام، خواتین اور نوجوانوں کو مایوسی کی دلدل میں الجھائے رکھنا چاہتی ہیں۔ جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم، عوامی کمیٹیوں کا قیام اور “بدل دو نظام” کے لئے آئینی، سیاسی، جمہوری، پُرامن، پُرجوش مزاحمت اُمید کی کرن ہے۔ جماعتِ اسلامی کے کارکنان، مرد، خواتین، نوجوان، مزدور، کسان انشاءاللّٰہ مُلک بھر میں 50 لاکھ نئے ممبرز اور 50 ہزار عوامی کمیٹیوں کے قیام کا ہدف حاصل کریں گے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ اور اُن کی جنگی جنون میں مُبتلا ٹیم سے امریکی عوام اور سینیٹ و کانگریس بے زار ہوچکے ہیں۔ امریکی عوام جان گئے ہیں کہ صیہونیت اور اسرائیل کی ناجائز سرپرستی امریکہ کو رُسوا اور تنہا کررہی ہے۔ امریکہ کے پاس آخری چانس ہے کہ دوبارہ جنگ میں جانے کی بجائے ایران کیساتھ باوقار معاہدہ کرلے۔ 47 سال سے امریکہ و یورپ نے ایران کے ساتھ ظلم جاری رکھا ہُوا ہے اور مسلم ممالک کو گمراہ کیا ہے، اب یورپ کی آنکھیں کھل رہی ہیں اِس لئے بجاطور پر وہ امریکہ کو آنکھیں دکھا رہاہے۔ مسلم ممالک بھی جان چُکے ہیں کہ اُن کی سرزمین پر امریکی اڈے اُن کی حفاظت کے لئے نہیں بلکہ ناجائز اسرائیلی ریاست کے تحفّظ اور عالم اسلام کو باہم لڑانے کے لئے ہیں۔ اسلام آباد میں ایران-امریکہ مذاکرات، بااعتماد انصاف پر مبنی امن معاہدہ خِطّہ اور عالمی امن کے نوید سحر بنے گا۔ فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کے ناجائز وُجُود کی نابودی اب عالمی قیادت کے کندھوں پر قرض ہے۔ لیاقت بلوچ نے خواتین اور اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعتِ اسلامی کی جدوجہد عورتوں کے تمام اسلامی حقوق کے تحفّظ، معاشرے سماج کی غیراسلامی زنجیروں اور بے انصافیوں سے چھٹکارا، ہندو برہمن اور مغرب کے مُسلط کردہ تہذیب جو عورتوں کو مردوں کی خواہشات کا کھلونا، نمائشی چیز یا مال تجارت بنارہی ہوں، سے نِجات دِلانا ہے۔ جماعت اعلامی حلقہ خواتین کا “خواتین چارٹر” پاکستان کی دیہی اور شہری خواتین کا ترجمان چارٹر ہے
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم اور عوامی کمیٹیوں کا قیام امید کی کرن ہے۔ جماعت اسلامی کا ہدف 50 لاکھ نئے ممبرز اور 50 ہزار عوامی کمیٹیوں کا قیام ہے، جسے حاصل کیا جائے گا۔لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ پنجاب اور سندھ حکومت کی گندم خریداری پالیسی ایک بار پھر ناکام ہوگئی ہے، گندم کے کاشتکاروں کو 3500 روپے فی من قیمت کہیں بھی نہیں مل رہی۔
متعلقہ
