نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے لاہور میں ممبر سازی کیمپ کا دورہ، علامہ ناصر مدنی سے ملاقات، شیخوپورہ میں چودھری ذوالفقار کی بیٹی کی شادی میں شرکت، کسانوں کے وفد سے ملاقات اور جماعت اسلامی حافظ آباد کے امیر ہمایوں مغل کے جان لیوا دورہ دل سے انتقال پر اُن کی نمازِ جنازہ کی اِمامت اور شرکائے جنازہ سے خطاب کیا۔ اِن مواقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کی ممبرسازی مہم پورے مُلک میں جوش و خروش سے جاری ہے۔ عوام، نوجوان اور خواتین “بدل دو نظام” کے انقلابی جذبوں کے تحت جماعت اسلامی میں شامل ہورہے ہیں۔ عوام میں یہ پختہ یقین جڑ پکڑ رہا ہے کہ ظلم، جبر، ناانصافیوں اور کرپٹ فرسُودہ نظام سے نجات کے لئے جماعت اسلامی ہی واحد حل ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن کی مسلسل محنت اور جدوجہد عام آدمی، نوجوانوں، خواتین کے لئے نوید اُمید بن رہی ہے۔ انشاء اللّٰہ جماعت اِسلامی دعوت دین ، سیاسی، جمہوری، آئینی، پُر امن مزاحمت کے ذریعے عوام کو ظلم کے نظام سے نِجات دلائے گی۔ پاکستان کا استحکام غلبہ دین اور نظامِ مصطفیٰ (ص) کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
لیاقت بلوچ نے کسانوں اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گندم کا کاشت کار لٹ رہا ہے، حکمران جھوٹ کی بانسری بجارہے ہیں، بیورو کریسی اور نااہل کرپٹ سرکاری اہلکار ناروا رکاوٹیں پیدا کرکے کسانوں کو اونے پونے داموں گندم فروخت کرنے پر مجبور کرچکے ہیں۔ کاشت کار کو 3500 روپے فی من قیمت نہیں مِل رہی۔ بینکوں کا سود اور سرکاری سرپرستی میں قائم کمپنیاں گندم کے کاشتکاروں کے لئے عذاب بنے ہوئے ہیں۔
لیاقت بلوچ نے سوالات کے جواب میں کہا کہ ایران-امریکہ مذاکرات میں سرد مہری اور ناکامی کی تمام تر ذمہ داری امریکہ اسرائیل ناپاک گٹھ جوڑ پر ہی عائد ہوگی۔ امریکہ-ایران مذکرات کی ناکامی اور غیرفعّالیت خطّے میں تباہی اور بے یقینی بڑھائے گی لیکن اِس کھیل میں امریکہ رُسوا ہوگا۔ ایران کی قیادت اور عوام نے جنگی اور سِفارتی محاذ پر کمال صبر، تدبّر ، حکمت و جرات کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے، اب مرحلہ مُعاملات کو سُلجھانے کا ہے۔ امریکہ رُسوا اور تنہا ہوچکا ہے۔ مذاکرات کی کامیابی اسلامی جمہوریہ ایران کی عظیم کامیابی ہوگی۔ امریکی عوام صدر ٹرمپ کی پالیسی کے خلاف ہیں، صدر ٹرمپ کی تقریب میں فائرنگ انتہائی قابلِ مذمّت ہے، یہ خوفناک واقعہ امریکی عوام کی فرسٹیشن کا شاخسانہ ہے
