اسلام آباد —سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے زیرِ اہتمام یومِ مئی کے حوالے سے ایک مشاورتی اجلاس مرکزی یونین آفس میں ہوا۔ اجلاس میں یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی، سپریم ہیڈ مرزا سعید اختر، حاجی صابر، اظہار عباسی، اظہر تنولی، اسد محمود، وارث دلیپ، محمد سرفراز ملک، راجہ رحیم نواز، واجد گجر، چوہدری ابرار، چوہدری شاہد اقبال، زاہد بھٹی، شفیع اللہ خان، شاہد کھٹانہ، راجہ غلام مرتضیٰ، خرم عباسی، طارق آفریدی، سید ارشاد شاہ، عمران عباسی، خضر بخاری، ارشاد گجر، سردار اخلاق، سلطان بہادر، محسن عباسی، وقار خان، اشفاق گجر، علی رضا بلتی سمیت سی بی اے کمیٹیوں کے نمائندگان اور سی ڈی اے ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یومِ مئی کی تقریب ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی سی ڈی اے مزدور یونین، پاکستان ورکرز فیڈریشن، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور راولپنڈی/اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیرِ اہتمام بروز جمعہ صبح 9 بجے نیشنل پریس کلب میں منعقد ہوگی۔ تقریب میں پاکستان ورکرز فیڈریشن سے ملحقہ ملک بھر کی مزدور تنظیموں کے لیبر لیڈرز اورسی ڈی اے ملازمین بھرپور شرکت کریں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ یونین محنت کشوں کی نمائندہ تنظیم ہے جو ہر سطح پر ملازمین کے مسائل کو اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ یونین کا امتیاز رہا ہے کہ جہاں مسلم ملازمین کو مراعات دلوائی گئیں وہیں مسیحی ملازمین کو بھی مساوی سہولیات فراہم کی گئیں اور آئندہ بھی ہر فورم پر ملازمین کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔اس موقع پر انھوں نے چیئرمین سی ڈی اے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر مزدور یونین کے معاہدے کے مطابق عید الاؤنس دیا جائے جبکہ عیدالفطر پر منظور شدہ الاؤنس کے بقایا جات بھی فوری ادا کیے جائیں تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو اور وہ اپنی خوشیاں بہتر انداز میں منا سکیں۔
