راولپنڈی:
پاکستان مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی کے زیر اہتمام “بنیان مرصوص، معرکۂ حق اور عشرۂ تشکر” کے عنوان سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس میں مرکزی ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی انجینئر مبین صدیقی، چیئرمین تحریک نوجوانان پاکستان عبداللہ گل، امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی عارف شیرازی، شیخ عبدالوحید، صدر مرکزی انجمن تاجران شرجیل میر، عبدالواجد، شہیر سیالوی اور صدر ریسکیو ضیاء اللہ شاہ سمیت دیگر معززین شریک ہوئے۔
کانفرنس میں “بنیان مرصوص” کے تصور کو اجاگر کرتے ہوئے قومی اتحاد، یکجہتی اور “معرکۂ حق” میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور شکر ادا کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا، جبکہ یکم مئی سے 10 مئی تک جاری “عشرۂ تشکر” کو بھرپور انداز میں منانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر مرکزی ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا اور ہمیں اس کی مضبوطی کے لیے ہر سطح پر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع اور نظریے کے تحفظ کے لیے متحد ہے، اور اس وقت ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی افواج کو مزید مضبوط کریں۔
سنی کونسل کے ترجمان مفتی بلال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “عشرۂ تشکر” دراصل اتحاد و اخوت کو فروغ دینے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کا خاتمہ اور باہمی ہم آہنگی ہی ملک کی سالمیت کی ضمانت ہے، اور “بنیان مرصوص” کا پیغام یہی ہے کہ ہم ایک مضبوط دیوار کی مانند متحد رہیں۔
امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی عارف شیرازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو اسلامی دنیا میں مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے مثبت اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” کے بعد پاکستان کی پوزیشن مزید مضبوط ہوئی ہے اور ہمیں معاشی استحکام کی طرف تیزی سے بڑھنا ہوگا۔
شیخ عبدالوحید نے کہا کہ پاکستان اسلام کا مضبوط قلعہ ہے اور “بنیان مرصوص” کے عملی اظہار نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہم ایک متحد قوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” کے بعد دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے اور ہمیں اس موقع کو مزید مضبوطی میں بدلنا ہوگا۔
چیئرمین امن کمیٹی اقبال رضوی نے کہا کہ “عشرۂ تشکر” ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم اپنی کامیابیوں پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے قومی یکجہتی کو مزید فروغ دیں، تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور پرامن ملک بنایا جا سکے۔
کانفرنس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ “بنیان مرصوص، معرکۂ حق اور عشرۂ تشکر” کے پیغام کو ہر سطح تک پہنچایا جائے گا، اور پاکستان کی ترقی، استحکام اور دفاع کے لیے تمام طبقات مل کر کردار ادا کریں گے۔
