اسلام آباد—-اسلام آباد میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اسلام آباد والنٹیئرز 2026 کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر بھر سے رضاکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید وقاص انجم جعفری، صدر الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد الطاف شیر، سی ای او نیا ٹیل وہاج سراج، ریکٹر فاسٹ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آفتاب معروف اور ڈائریکٹر والنٹیئرز الخدمت اسلام آباد محمد عامر ناگرہ نے خطاب کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر صفدر، سیکرٹری جنرل الخدمت اسلام آباد محمد طیب صدیقی ،نائب صدر نمیر حسن، معروف قانون دان حسن جاوید سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید وقاص انجم جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت ملک بھر میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس مشن میں ساتھ دینے والے تمام رفقاء اور رضاکار قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خدمت کا یہ سفر پوری لگن اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں بہت سے نوجوان مایوسی اور بے راہ روی کا شکار ہو رہے ہیں، جن میں منشیات اور ون ویلنگ جیسے خطرناک رجحانات شامل ہیں، لہٰذا نوجوانوں کی مثبت رہنمائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ الخدمت کے “بنو قابل” پروگرام کے تحت 14 لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں، جو ایک بڑی سماجی تبدیلی کی علامت ہے۔ مزید برآں انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق مہارتیں فراہم کرنے کے لیے مختلف قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل کو فروغ دے رہی ہے تاکہ تعلیم، ٹیکنالوجی اور کھیل کے میدان میں مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
ریکٹر فاسٹ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد معروف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے 150 طلبہ نے رضاکارانہ خدمات انجام دیں جو ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کے لیے جینا ہی اصل کامیابی ہے اور یہی جذبہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا ذریعہ بنتا ہے۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد الطاف شیر نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نوجوانوں کی فلاح و تربیت اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے سرگرم عمل ہے جبکہ ڈائیریکٹر والنٹیئرز محمد عامر ناگرہ نے بتایا کہ اسلام آباد میں 200 سے زائد طلبہ نے بطور والنٹیئر خدمات انجام دے رہے جبکہ تین مختلف جامعات کے طلبہ اس پروگرام میں شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ
تقریب سے سی ای او نیا ٹیل وہاج سراج نے بھی خطاب کیا اور خدمتِ خلق کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے والنٹیئرز میں تعارفی اسناد اور شیلڈز تقسیم کیا۔
