نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امریکہ ایران جنگ خاتمے پر بےیقینی کے منڈلاتے سائے میں عالمی تیل مافیا نے عالمی معیشت کو ناجائز منافع خوری سے تباہ کیا ہے۔ امریکہ ایران جنگ میں سب سے بڑا فائدہ تیل مافیا کمپنیوں کو ہوا؛ عام آدمی، محنت کشن تباہ ہوگئے۔ عالمی استعماری اور انسانوں کا استحصال کرکے فوائد حاصل کرنے والا نظام پوری دُنیا کے غریبوں اور متوسط طبقہ کے لئے تباہ کُن ہوگیا ہے۔ حکومتِ پاکستان کے توانائی بحران پر قابو پانے میں جزوی کامیابی ہوئی لیکن عملاً بدانتظامی، حواس باختگی، افراتفری میں اُٹھائے گئے اقدامات نے قومی معیشت اور عامی آدمی کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ آئے روز بدلتی عالمی صورتِ حال، عالمی برادری کے مفادات کے تحت تعلقات کی نئی صف بندیوں کا تقاضا ہے کہ قومی معیشت کو کچکول کلچر سے نجات دِلائی جائے، عالمی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک سے عارضی طور پر لئے گئے قرضوں اور سُود کا براہِ راست بوجھ عام آدمی کو ناقابلِ برداشت مہنگائی، اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی صورت میں اُٹھانا پڑتا ہے۔ اِس کینسر سے نجات کے لئے خودانحصاری، خوداعتمادی، اپنے وسائل اور قوم پر اعتماد اور بالخصوص بیرونِ ملک پاکستانیوں پر اعتماد کے ذریعے سُود کی لعنت سے پاک معیشت پر مبنی طویل مدتی معاشی حکمتِ عملی اپنائی جائے۔ قومی معیشت کے ستون زراعت، صنعت کی ترقی کے لئے کسانوں، محنت کشوں، ہُنرمندوں اور ملکی سرمایہ کاروں کو ایسی سہولیات دی جائیں کہ وہ اِن دونوں شعبوں کو قومی معیشت کو سہارا دینے کا ذریعہ بنائیں۔ درآمدای اشیاء پر انحصار کم کرکے اور قومی پیداوار میں اضافہ کے ذریعے معاشی سرگرمی میں اضافہ سے ملکی برآمدات میں اضافہ، قیمتی زرمبادلہ کی بچت اور اندرونِ ملک بےروزگاری میں کمی واقع ہوگی۔ توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دے کر پٹرولیم بل میں خاطر خواہ کمی لائی جاسکتی ہے، جس سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اُتار چڑھاؤ کا ملکی معیشت پر اثر ختم ہوجائے گا۔ توانائی کے مقامی ذرائع سولر، وِنڈ اور بالخصوص پائیڈل پاور کے طویل عرصے سے زیرالتواء منصوبوں داسو، بھاشا ڈیم جیسے منصوبوں کی تیزرفتار تکمیل توانائی ضروریات کے لئے بیرونی وسائل پر انحصار ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ حکومت زراعت، صنعت اور توانائی سے متعلق پالیسیوں کو قومی اُمنگوں کے مطابق بنائے۔
لیاقت بلوچ نے مزدور رہنما احسان چوہدری کے انتقال، سینئر سیاسی رہنما سینیٹر میاں احسان الحق مرحوم کے لئے دُعائے مغفرت تقریب اور نوجوان رہنما قدیر شکیل کے چچا کے انتقال پر گلاب دیوی کالونی میں تعزیت، دُعائے مغفرت کی اور سینئر بزرگ سیاسی رہنماؤں پیر اعجازالحق ہاشمی، چوہدری اعتزاز احسن اور نوید چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی قومی اعزاز ہے۔ پوری دُنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا، بیرون، ملک پاکستانیوں کی عزت و وقار میں خوشگوار تبدیلی آئی۔ معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال پورا ہونے پر اظہارِ تشکر بھی ضروری لیکن یہ جائزہ بھی ناگزیر ہے کہ سیاسی، معاشی، سماجی بحرانوں کے خاتمہ کے لئے مطلوب اقدامات نہیں کئے گئے، جس کی وجہ سے دیگر کامیابیوں کا ثمر ملک و مِلّت کے لئے جامع اور پائیدار استحکام نہیں لارہا۔ افواجِ پاکستان اور عوام کے درمیان قومی سلامتی کے تحفظ کا دائمی معاہدہ ہے۔ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کا دفاع، دشمن کا مقابلہ اور وطنِ عزیز کے ایک ایک انچ زمین کی حفاظت ہر طرح کے اختلافات سے بالاتر ہے۔ یہ امر بالکل واضح ہے کہ کشمیر و فلسطین کے تنازعات کا حل سیاسی، عسکری قیادت کی گردن پر قرض ہے۔
لیاقت بلوچ نے لاہور میں ممبر سازی کیمپ کا دورہ کیا اور کہا کہ پورے ملک میں کارکنان، مرد و خواتین اور نوجوان دینی، قومی جذبوں اور “بدل دو نظام” کے سلوگن کے تحت عوام کے پاس پہنچ رہے ہیں، عام آدمی کے لئے جماعتِ اسلامی کی مقبولیت خوش آئند ہے۔#
