نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کو اب باوقار معاہدہ کرلینا چاہئے، امریکہ راستے بند کرکے اور بمباری سے ایران کے بہادر عوام کو زیر نہیں کرسکتا۔ امریکہ ایران کے درمیان کشیدگی کی طوالت سے دُنیا بھر کی معیشت اور عوام شدید متاثر ہورہے ہیں۔ دُنیا بھر کے عوام کسی بھی ملک کے استعماری ایجنڈے کو قبول کرنے کو تیار نہیں۔ غزہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے اسرائیلی صیہونی ظلم اور کشمیریوں پر ناجائز مسلّط بھارتی غلامی کے خلاف مزاحمت اور ایرانی عوام کی امریکی، اسرائلی جارحیت کے مقابلہ میں استقامت سے دفاع نے مغربی استعمار کو ناکام بنادیا ہے۔ نئی عالمی صف بندی میں ہر ملک کی آزادی، معاشی حقوق کا تحفظ اور ترقی کے آزادانہ مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے معرکہ حق کی عظیم کامیابی کے ایک سال کی تکمیل پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اور فوجی قیادت نے عوام کے تعاون اور اللہ کی تائید سے بہترین حکمتِ عملی کے ساتھ انڈیا کو عبرتناک شکست دی، ہندوتوا، اکھنڈ بھارت اور مودی حکومت کے فرعونی عزائم کو خاک میں مِلادیا۔ معرکہ حق کی کامیابی نے پاکستان کو دُنیا بھر میں بڑی عزت دِلائی ہے۔ معرکہ حق کی کامیابی پر خوشی منانا جائز ہے لیکن زندہ و بیدار قوم کی حیثیت سے دشمن کے ناپاک عزائم سے کسی لمحے بھی غافل نہ ہوا جائے اور ملک کے اندر سیاسی، معاشی، عدالتی نظام کا استحکام لایا جائے۔
لیاقت بلوچ نے مزدور رہنما احسان چوہدری کی وفات پر اُن کے بیٹوں اور خاندان کے دیگر افراد سے تعزیت کی اور مرحوم کی مزدوروں کے لئے طویل مدّت تک جرات مندانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ جماعتِ اسلامی کے سماجی رہنما اشفاق چغتائی کی اِچھرہ میں عیادت کی اور ٹولنٹن مارکیٹ کے تاجر رہنما سعداللہ شیخ سے ملاقات اور مارکیٹ کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ لاہور میں ممبرسازی مہم میں ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ممبر سازی مہم عوام کو مصنوعی بیانیوں، مال و دولت، حکومتی وسائل سے پروپیگنڈہ کے سحر اور نااہل، بےکار، بےمقصد پاپولریٹی کے شکنجوں سے آزاد کرائے گی۔ عوام عدل و انصاف، سماجی، معاشی انصاف اور آئین و قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ توانائی کا بحران، بدترین بجلی، گیس لوڈشیڈنگ اور پٹرولیم مصنوعات پر حکومتی ناجائز لیوی، ٹیکسز نے معاشی پہیہ جام کردیا ہے۔ گزشتہ رات حکومت نے ایک بار پھر عوام پر پٹرول بم گرادیا، پٹرول ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 414 روپے سے تجاوز کرگئی، ہم حکومت کے اِس ظالمانہ فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ حکومت اہل ہو، امانت و دیانت سے کام کرے، ٹیکسوں کا بوجھ عوام پر مسلّط کرنے کی بجائے اپنی شاہ خرچیاں کم کرے اور زراعت، تجارت، صنعت، گھریلو صنعت کو چلنے دے تو حکومت کو بےتحاشا محصولات ملیں گے اور عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی سے بھی نجات مِلے گی۔ بااختیار بلدیاتی نظام اسلام آباد اور اور چاروں صوبوں میں نافذ کیا جائے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں شہری حقوق سے دشمنی ختم کریں، عوام کو بااختیار بلدیاتی نظام دیں۔
لیاقت بلوچ نے لاہور میں بلوچستان کے طلبہ وفد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بلوچستان کے مسائل پر قومی کانفرنس بلائیں، بلوچستان کے عوام کا اعتماد بحال کریں۔#
