جماعت اسلامی 15 مئی کو اسلام آباد میں مہنگائی کےخلاف تاریخ ساز احتجاج کرے گی

اسلام آباد—-امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ آبپارہ سے پارلیمنٹ ہاؤس چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، اگر 15 مئی کو عوام کا سمندر نکل آیا تو پارلیمنٹ ہاؤس کے گرد عوامی حصار بن سکتا ہے اور حکمرانوں کیلئے “ایئر لفٹ” بھی مشکل ہوجائے گی۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں، عوام مزید ظلم اور مہنگائی برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی میلوڈی سے جاری ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 15 مئی کو اسلام آباد میں مہنگائی، بجلی کے ظالمانہ بلوں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف تاریخ ساز احتجاج کرے گی۔ عوام حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکلنے کی تیاری کررہے ہیں۔

انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ اگر حکومت نے عوامی مطالبات کو سنجیدگی سے نہ لیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا، دھرنے کا آپشن بھی موجود ہے جبکہ پہیہ جام ہڑتال پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اور حکمرانوں کو عوامی مسائل سے لاتعلق رہنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے جبکہ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔ جماعت اسلامی ہر فورم پر عوام کی ترجمانی جاری رکھے گی اور ظالمانہ معاشی نظام کے خلاف بھرپور آواز بلند کرے گی۔

انہوں نے شہریوں، تاجروں، مزدوروں، طلبہ اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ 15 مئی کے احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے مہنگائی کے خلاف عوامی آواز کو مضبوط بنائیں۔