پی پی پی اِسی تنخواہ پر خدمات جاری رکھے گی

نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ معرکہ حق، ایران کے خلاف امریکہ و اسرائیل کی جارحیت اور خطہ کے لئے خطرناک مسلّط کردہ جنگ میں جنگ بندی کے لئے سفارتی ثالثی حکمتِ عملی سے پاکستان کو عزت وقار ملا ہے، اللہ کی تائید و نصرت سے پاکستان کو عالمی برادری میں مِلنے والے مقام کا حق ہے کہ پاکستان کا پورا نظام اسلامی نظریاتی، قرآن و سُنت اور آئینِ پاکستان کی روح کے مطابق ترتیب دیا جائے۔ سیاسی معاشی استحکام آئین کی بنیاد پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنے کردار کی ادائیگی کا پابند بنانے سے ممکن ہے۔ افواجِ پاکستان اور سیاسی قیادت کی جانب سے نئی آئینی ترمیم کے ذریعے نظام کی تبدیلی کے حوالے سے کوئی بھی غلط ایڈوینچر مشترکہ خودکش حملہ ہوگا۔ سِول-ملٹری اسٹیبلشمنٹ اپنے کردار کو آئین کی حدود کا پابند بنائے اور سیاسی قیادت آئین، جمہوریت، آزاد عدلیہ، بااختیار بلدیاتی نظام، قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم، صوبوں کے آئینی حقوق کے تحفظ، شفاف غیرجانبدارانہ انتخابات اور عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کا عہد کریں۔ قومی ترجیحات پر قومی ڈائیلاگ کا دروازہ کھولا جائے، عوام کی جان مال عزت کی حفاظت، بیرونی اسپانسرڈ دہشت گردی کے فساد کے سدّباب کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ازسرِنو متفقہ قومی ایکشن پلان بنانا ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے جماعتِ اسلامی کی ممبرشپ ڈرائیو میں رحیم یار خان، خانپور، صادق آباد، لیاقت پور، سکھر، روہڑی، پنوعاقل، باگڑجی اور بہاولپور میں ممبرسازی کیمپس، شاپ ٹو شاپ وزٹ اور ورکرز کنونشنز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی استعماری نظام زمین بوس ہورہا ہے۔ اشتراکیت کے زوال کے بعد نیشنل ازم، سیکولرازم کا فریب بےنقاب ہوگیا ہے۔ مغربی تہذیب اور سرمایہ دارانہ نظام تیزی سے نابود ہورہا ہے۔ جماعت، اسلامی ممبرسازی، عوامی کمیٹیوں کی تشکیل کے ذریعے عوام کو روایتی ظالمانہ شکنجوں سے آزاد کراکے خدائی طاقت سے پاکستان میں ظلم، جبر، عوام دشمن نظام کا خاتمہ اور ملک میں قرآن و سُنّت کی بالادستی، آئین کی فرمانروائی، کرپشن کا خاتمہ، نفرتوں، تفرقوں، تعصبات سے بالاتر اسلامی فلاحی عوام دوست عدل و انصاف کا نظام لائے گی۔ شہری حقوق کے لئے بااختیار بلدیاتی نظام عوام کا بنیادی حق اور وفاق، صوبوں کی آئینی ذمہ داری ہے۔
لیاقت بلوچ نے سکھر میں میڈیا سوالات کے جواب میں کہا کہ سندھ میں پی پی پی قیادت اور حکومت مکمل طور پر ناکام ہے؛ پی پی پی کی ناکامی، نااہلی، کرپٹ اسلوبِ حکمرانی بلاول بھٹو کا سیاسی مستقبل تاریک بنارہی ہیں۔ کراچی میں میئرشپ پر پی پی پی کا ناجائز قبضہ، انتہائی خراب بلدیاتی کارکردگی پی پی پی کا سندھ سے بھی صفایا کررہی ہے۔ پی پی پی اور پی ٹی آئی کا اتحاد قومی سیاست میں دونوں کا اپنے خلاف خودکُش دھماکہ ہوگا لیکن یہ نوشتہ دیوار ہے کہ پی پی پی اسٹیبلشمنٹ کی چھتری تلے اِسی تنخواہ پر خدمات جاری رکھے گی