ایران کی استقامت نے عالمی منظرنامہ بدل دیا

نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سیّد وقاص جعفری، اظہر اقبال حسن، امیر حلقہ لاہور ضیاء الدین انصاری، نائب امیر پنجاب وسطی ذکراللہ مجاہد اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کی اور میاں مقصود احمد مرحوم اور حافظ محمد ادریس کی ہمشیرہ، وقاص وحید کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی. لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ ایران معاہدہ نوشتہ دیوار ہے، اسلامی جمہوریہ ایران کی لازوال قربانیاں اور استقامت نے عالمی منظرنامہ بدل دیا ہے. پاکستان کا ثالثی کردار متوازن اور دانش مندانہ ہے، امریکی صدر ٹرمپ کا فرعونی لب و لہجہ، اسرائیلی صیہونی دباؤ کے سامنے بھیگی بلی بننے اور ناکام جنگی جارحیت کی وجہ سے پوری دُنیا کے عام لوگ معاشی طور پر تباہ کردیئے گئے ہیں. جنگی جنون میں مبتلا عالمی استعماری قوتوں کے مقابلہ میں ترقی پذیر ممالک کو تیسری دُنیا کی طاقت کا عَلم بلند کرنا ہوگا. ترقی پذیر ممالک اور عالمِ اسلام کی قیادت بزدلی اور ذلّت کا راستہ ترک کریں اور عوام کا تحفظ کریں. ایران کی استقامت نے دُنیا کو پیغام دیا ہے کہ فلسطین اور جموں و کشمیر پر صیہونی، ہندو برہمن کا ظلم ختم ہوجانا چاہئے، اتحادِ اُمّت کے لئے عالمِ اسلام کے مسلم حکمران، عرب و عجم علاقائی زہریلی دوریوں کو ختم کریں.
لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کا پٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ اچھا لیکن ناکافی ہے. قومی خزانہ کو تیل کی قیمتوں پر ظالمانہ لیوی اور دیگر ٹیکسز عائد کرکے بھرنا ناکام معاشی پالیسی کا شاخسانہ ہے. معیشت عوام پر ٹیکسوں کی بھرمار سے نہیں قومی پیداوار اور برآمدات میں اضافے سے مستحکم ہوتی ہے. فی لٹر پٹرول، ڈیزل پر عائد ناجائز لیوی فی الفور ختم کی جائے اور عوام کو حقیقی قیمت کے مطابق پٹرول، ڈیزل فروخت کیا جائے. تیل کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ اور پھر معمولی کمی کے اعصاب شکن عمل نے عوام کو مہنگائی کے ایسے گرداب میں پھنسادیا ہے کہ غریب تو غریب مڈل کلاس طبقہ بھی ضروریاتِ زندگی پوری کرنے سے عاجز ہے. افراطِ زر میں اضافہ، شرح نمو میں کمی، مسلسل بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت نے زراعت، صنعت و تجارت سمیت کاروبارِ زندگی کے ہر شعبہ کا پہیہ جام کرکے رکھ دیا ہے.
لیاقت بلوچ نے عوامی کمیٹیوں کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، بےروزگاری، لاقانونیت کا خاتمہ بابرکت اسلامی انقلاب سے ممکن ہے. جماعتِ اسلامی کے ممبرز اور عوامی کمیٹیوں کے عہدیداران متحرک رہیں، عوام کو منظم کریں، اللہ کی تائید کیساتھ عوامی طاقت سے ہر ظلم، جبر، لاقانونیت کے نظام کا خاتمہ کریں گے. احمد سلمان بلوچ کی جانب سے اجتماعی قربانی مراکز کے کارکنان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے بھی لیاقت بلوچ نے خطاب کیا. عبدالرشید مرزا، فیاض فیضی، حافظ لطیف، مفتی عمر یونس، احمد حسان بلوچ بھی موجود تھے