نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے اسلامی تحریک کے سربراہ اور مِلی یکجہتی کونسل کے سینئر نائب صدر علامہ سیّد ساجد علی نقوی کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت اور دعائے مغفرت کی، اِس موقع پر ملکی صورتِ حال اور آزاد کشمیر، گلگت-بلتستان انتخابات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات اور تعزیتی نشست میں علامہ عارف حسین واحدی، سیّد عارف شیرازی، سکندر گیلانی ایڈووکیٹ اور دیگر رہنما موجود تھے۔ ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران پر امریکہ، اسرائیل کی ناجائز جارحیت، ایرانی قیادت اور عوام کی لازوال قربانیوں، استقامت اور جنگ بندی اور ثالثی کے لئے پاکستان کے کردار پر تحسین کی گئی۔ آزاد کشمیر اور گلگت-بلتستان کے عوام کا حق ہے کہ آنہیں آزادانہ، غیرجانبدارانہ اورو لیول پلیئنگ انتخابی حق دیا جائے۔ تحریکِ آزادی کشمیر کا اوّلین تقاضا ہے کہ کشمیری عوام بااعتماد بنیادوں پر اپنا جمہوری فرض ادا کریں اور حقِ خودارادیت کے عظیم مشن پر آنچ نہ آنے دی جائے۔
لیاقت بلوچ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم کی دعوت پر امام خمینیؒ کی 37 ویں برسی پر سفارت خانہ ایران اسلام آباد میں قومی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ شرف اور اعزاز حاصل ہے کہ امامِ انقلاب امام خمینیؒ کے ساتھ چار مرتبہ ملاقات کا موقع ملا۔ امام خمینیؒ تاریخ ساز، عہد ساز اور اسلامی نظریاتی، دینی کردار کے ساتھ صدی کی نابغہ روزگار شخصیت تھی۔ وقت اور حالات نے ثابت کیا ہے کہ کردار سازی، ذہن سازی، اسلام، قرآن و سُنت کی بنیاد پر نظام ہی مضبوط اور قوم کو وحدت کی لڑی میں پروئے رکھتا ہے۔ 47 سال سے استعماری قوتیں شیعہ سُنی تعصّبات، تفرقے، تکفیریت اور فساد پھیلاکر ایران کے نظامِ ریاست و حکومت کو گرانے اور قیادت کو زیر کرنے میں ناکام رہیں، ایرانی عوام نے ہر مشکل گھڑی میں غیرتِ ایمانی، حمیت، جرات و استقامت کا پرچم بلند رکھا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ غزہ کے فلسطینیوں نے ہر ظلم، نسل کشی اور اپنی بستیوں کی بربادی کے باوجود جرات و استقامات کی نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے دُنیا کو بیدار کردیا، استعماری مظالم کو ہلکان کردیا۔ ایران پر امریکہ، اسرائیل کی ناجائز مسلّط کردہ جنگ میں ایران کی قیادت، افواج اور عوام نے لازوال قربانیوں کی تاریخ مرتب کی ہے۔ امریکہ اور اسرائیل شکست سے دوچار ہوچکے، ثالثی جنگ بندی معاہدہ اب امریکہ اور اسرائیل کی ضرورت بن گئی ہے۔ پاکستان نے ایران کے ساتھ اسلامی اُخوت، بھائی چارے اور برادر اسلامی ملک کی بنیاد پر اپنا کردار ادا کیا ہے۔ اِن شاءاللہ! بہت جلد ایران کی عظیم فتح پر مِلّتِ اسلامیہ تشکّر کا دِن منائے گی۔ وقت اور حالات نے ثابت کیا ہے کہ عرب و عجم، شیعہ سُنی علاقائی اور رنگ و نسل کے امتیازات ختم کرکے عالمِ اسلام متحد ہوجائے گا اور اپنا ایجنڈا خود ترتیب دے گا۔
