راولپنڈی: معروف کالم نگار اور سماجی شخصیت انجینئر افتخار چودھری نے سوات ٹریولز کے مالک افضل خان گجر پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے خیبرپختونخوا پولیس کے انسپکٹر جنرل چوہدری ذوالفقار حمید گجر سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انجینئر افتخار چودھری نے کہا کہ افضل خان گجر پر حملہ ایک سنگین واقعہ ہے جس کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حملے کے ذمہ دار عناصر خواہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں، انہیں قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے تاکہ عوام کا انصاف کے نظام پر اعتماد برقرار رہے۔
انہوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ اگر کسی سطح پر سرکاری اداروں یا متعلقہ محکموں کے بعض اہلکاروں نے ملزمان کی معاونت یا پشت پناہی کی ہے تو ایسے عناصر کو بھی بے نقاب کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اندر موجود کالی بھیڑیں نہ صرف اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ انصاف کی راہ میں بھی رکاوٹ بنتی ہیں۔
انجینئر افتخار چودھری نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس ماضی میں کئی اہم مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچا چکی ہے اور امید ہے کہ افضل خان گجر پر حملے کے کیس میں بھی ذمہ داران کو جلد گرفتار کرکے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہی قانون کی بالادستی کو یقینی بنا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ سوات ٹریولز کے مالک افضل خان گجر پر حالیہ دنوں میں حملے کے واقعے نے مختلف سماجی اور عوامی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ متاثرہ فریق کی جانب سے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
