جی بی انتخابات کا متنازع بننا جمہوریت، انتخابی نظام اور تحریکِ آزادی کشمیر کے لئے بیک وقت مہلک ہے۔

نائب امیر جماعتِ اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی اُمور کے صدر لیاقت بلوچ نے گلگت بلتستان انتخابات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جی بی الیکشن پر پی پی پی، مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی، جماعتِ اسلامی، مجلس وحدتِ مسلین، استحکام پاکستان پارٹی اپنے شدید تحفظات کاا ظہار کررہی ہیں۔ جی بی انتخابات کا متنازع بننا جمہوریت، انتخابی نظام اور تحریکِ آزادی کشمیر کے لئے بیک وقت مہلک ہے۔ پی پی پی، مسلم لیگ ن کی کامیابی کے دعوے درحقیقت اسلام آباد میں اتحادی حکومت کا ہی زہریلا مکھن ہے۔ شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات قومی سلامتی کے لئے ناگزیر ہیں۔ سیاسی جماعتیں اور انتخابی اُمیدوار جب تک اپنے اندر جمہوری، پارلیمانی اور عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کا کلچر پیدا نہیں کرتے جمہوری انتخابی میدان اِسی طرح متنازع اور مذاق بنارہے گا۔ لیاقت بلوچ نے آزادکشمیر کی صورتِ حال پر ڈاکٹر محمد مشتاق (امیر جماعتِ اسلامی آزاد جموں و کشمیر)، عبدالرشید ترابی، جہانگیر خان، قاضی شاہد ندیم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور راولاکوٹ و آزادکشمیر کے دیگر مقامات پر احتجاج اور امنِ عامہ کی شدید بگڑتی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔ اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ احتجاج عوام کا حق ہے، عوامی احتجاج کو طاقت سے کچلنا انتہائی خطرناک ہے، احتجاج کرنے والے بھی پُرامن رہیں اور سکیورٹی فورسز ادارے بھی اپنے اعصاب قابو میں رکھیں۔ جماعتِ اسلامی کا اسلام آباد میں آزاد کشمیر کی صورتِ حال پر 9 جون 2026ء کو مرکزی مشاورت ہوگی، حالات کو پُرامن رکھنے، عوامی احتجاج کے جائز مطالبات کو تسلیم کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
لیاقت بلوچ نے کراچی، حیدرآباد، لاہور میں ممبرسازی کیمپ، ورکرز کنونشن اور سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ عالمی سیاست سے بےدخل ہورہا ہے، صیہونیت کے شکنجے کی مضبوطی کی وجہ سے امریکہ نے ایران پر جنگ مسلّط کرکے سنگین غلطی کی۔ اسرائیلی صیہونیت امریکی صدر ٹرمپ کو رُسوا کررہی ہے۔ خود امریکہ میں ٹرمپ اپنی سیاسی قبر کھود رہے ہیں۔ فلسطینیوں اور لبنانیوں پر اسرائیلی حملے امریکہ کی نافرمانی اور سسنگین جنگی جرائم ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ اب گبھرائیں نہیں، ہمت کریں، پاکستان کی ثالثی میں ایران کے ساتھ انصاف پر مبنی باوقار معاہدہ کرلیں اور ایران کے ساتھ 47 سال سے جاری زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد میں حکومتیں عوام کو بااختیار بلدیاتی نظام دینے کے لئے تیار نہیں، پانچوں حکومتیں آئین کی صریح خلاف ورزی کررہی ہیں۔ جماعتِ اسلامی ملک پر مسلّط کرپٹ عوام دشمن نظام کو بدلنے کی جدوجہد کررہی ہے، ممبرسازی اور عوامی کمیٹیاں ملک میں پُرامن سیاسی، جمہوری انقلاب کا ہر اوّل دستہ بنیں گی اور عوام پر مسلّط جبر، کرپٹ، مفاد پرست نظام ختم ہوگا۔#