( راولپنڈی نمائندہ خصوصی )مری میں سیاحوں کی گاڑی کو آگ لگنے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دل انتہائی رنج و غم میں مبتلا ہے۔ اس افسوسناک اور دلخراش حادثے میں جن معصوم جانوں نے اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھویا، ان کے اہل خانہ کے دکھ میں ہم برابر کے شریک ہیں۔ ہم شہداء کے بلند درجات، مغفرت اور ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعاگو ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ گاڑی کی مبینہ تیز رفتاری اور ممکنہ غفلت کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے متعدد افراد جاں بحق ہو گئے۔ یہ سانحہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے انتہائی افسوسناک اور پورے معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
مزید افسوسناک امر یہ ہے کہ اطلاعات کے مطابق ڈرائیور نے چند بچوں کو گاڑی سے نکالنے کے بعد موقع سے فرار اختیار کیا، جو کہ ایک سنگین اخلاقی و قانونی جرم ہے۔ اس طرزِ عمل کی جتنی بھی شدید مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
ہم حکومتِ پنجاب اور متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹریفک سیفٹی کے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
پاکستان تحریک انصاف اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
