حکمران ایسا بجٹ پیش کریں جو غریب کو ریلیف دے، کاروبار کو سہارا دے

حکمران ایسا بجٹ پیش کریں جو غریب کو ریلیف دے، کاروبار کو سہارا دے

راولپنڈی:
وفاقی بجٹ کو عوامی توقعات کے برعکس قرار دیتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی نے اسے مسترد کر دیا۔ جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی انجینئر مبین صدیقی نے کہا کہ حکمران ایسا بجٹ پیش کریں جو غریب کو ریلیف دے، کاروبار کو سہارا دے اور عوام کو زندہ رکھنے کا ذریعہ بنے، نہ کہ ان پر مزید بوجھ ڈالے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ عوامی ضروریات کے بجائے بیرونی مالیاتی تقاضوں کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیا گیا ہے، جبکہ سود کی ادائیگیوں کیلئے 8054 ارب روپے مختص کرنا ملکی معیشت پر بڑا بوجھ ہے۔
انجینئر مبین صدیقی نے کہا کہ جب تک معیشت کو سودی نظام سے نجات نہیں دلائی جاتی حقیقی معاشی استحکام ممکن نہیں۔ حکومت کو عوام دوست، پیداواری شعبے کے فروغ اور عام آدمی کو ریلیف دینے والا معاشی ماڈل اختیار کرنا ہوگا۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مرکزی مسلم لیگ عوامی مسائل، معاشی انصاف اور فلاحی اقدامات کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔