پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر کی سطح پر تین سال کے لیے فکس کرنے کا مطالبہ۔

اسلام آباد() امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر اسلام آباد میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے احتجاجی مظاہرہ،
مظاہرے جماعت اسلامی کے کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد میں شرکت، مظاہرین کا پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر کی سطح پر تین سال کے لیے فکس کرنے کا مطالبہ۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجنیئر نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کے عوام کی احتجاجی مظاہرے میں شرکت عوامی غم وغصے کا اظہار ہے، پیٹرولیم لیوی کا نفاذ غریب عوام پر ظلم ہے، پیٹرول کی قیمتوں کا فیصلہ اشرافیہ کرتی ہے، پیٹرول کی قیمتیں طے کرنے والے خود سرکاری پیٹرول خرچ کرتے ہیں، ان کی بجلی، گیس اور گھر بھی سرکاری ہیں، نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں عوام کی آواز بلند کرے گی، حکمرانوں کو پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر کرنا پڑے گی، یہ عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھیننا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے نام پررقم جمع کرکے آئی پی پیز کودے دیئے جاتے ہیں، آئی پی پیز کو 3500 ارب روپے ادا کیے گئے، 2000ارب روپےصرف کیپسٹی پیمنٹس کی ادائیگیاں ہوئیں، ایک سال کے دوران غریب عوام سے 1650 ارب روپے پیٹرولیم لیوی کے نام پرجمع کیے، آئی پی پیز کے مالک بھی حکومت میں شامل مافیا خود ہیں، ایک سال کے اندر 6000 ارب روپے صرف سودکا ادا کرتےہیں، یہ بینک کن لوگوں کے ہیں جو سود وصول کرتے ہیں، بینک بھی ان ہی لوگوں کے ہیں جو ایوانوں میں بیٹھے ہیں، وفاقی شرعی عدالت سود کے خلاف فیصلہ دے چکی ہے، نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ ہر بجلی کے یونٹ پر 17 روپے فی یونٹ کیپسٹی پیمنٹس کے لاگو ہیں، عوام کے سولر پینلز پر حکومت کیپسٹی پیمنٹ کیوں ادا نہیں کرتی، 225 روپے فی لیٹر پیٹرول میں تمام قیمتیں شامل ہیں، خطے کے دوسرے ممالک سستا پیٹرول کس طرح دے رہے ہیں، پیٹرول 225 روپے فی لیٹر پر تین سال کے لیے فکس کیا جائے، 299 روپے فی لیٹر پیٹرول کی قیمت ہمیں منظور نہیں ہے۔