حکمرانوں کو اب گھر کی فکر کرنی چاہئے. لیاقت بلوچ

کراچی—-نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے صوبہ سندھ کراچی، حیدرآباد، بدین، سانگھڑ، کھوڑو، نوابشاہ میں شہادت امام حسین (رض) ، “کربلا کی عظیم قربانیوں کا اصل پیغام” کانفرنس اور ضلعی تربیت گاہوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق اور باطل کی کشمکش ازل سے جاری ہے، حسینیت اور یزیدیت حق اور باطل نظاموں کی نمائندہ ہیں. جب زمامِ اقتدار نااہل، بدکردار اور غیرحقیقی، غیرنمائندہ لوگوں کے سپرد ہوجائے، جب اقتدار کی امانت کو ضائع کرنے کا نظام بنادیا جائے تو امامِ عالی مقام حضرت امام حسین (رض) کا ہی فرض تھا کہ باطل کے مقابلے میں قیام کریں اور پوری اُمت کو حق کے قیام کی جدوجہد کا دائمی پیغام دیں. امام حسین (رض) کی شہادت کا اصل پیغام یہ ہے کہ وہ اسلامی حکومت کو خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کے سانچے میں ڈھالنا چاہتے تھے، شہیدِ معظم (رض) کا مشن تھا کہ مسندِ اقتدار پر وہ فائز ہو جو اِس کا اہل ہو اور عامۃ الناس کے لئے فلاح کا نظام نافذ کرے. مسندِ اقتدار پر نااہلوں کو مسلّط کیا، فارم 47 کے ذریعے اقتدار کا حصول دراصل یزید کی ایجاد تھی. ایسے ناجائز اقتدار کے خلاف کھڑے ہوکر خانوادہ رسول اللہ (ص) اپنے آپ کو اَمر اور پوری اُمت کو سرخرو کردیا. پورے ملک میں عشرہ محرم الحرام اور یومِ عاشور پُرامن رہا اور تمام مقدسات کا احترام قائم رکھا گیا. علماء کرام، دینی جماعتیں اور وفاقی، صوبائی حکومتوں کا مثبت کردار قابلِ تحسین ہے. اِکّا دُکّا واقعات کے ذریعے انتشار کی سازش ناکام رہی، امن دشمن اور سازشی عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی حکومت کی ذمہ داری اور مستقبل میں امن کے قیام کے لئے ناگزیر ہے.
لیاقت بلوچ نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی، ایران امریکہ جنگ میں ثالثی جنگی اور سفارتی محاذوں پر قابلِ قدر کارناموں کے بعد حکمرانوں کو اب گھر کی فکر کرنی چاہئے. اتحادی حکومت اور سول-ملٹری اسٹیبلشمنٹ جان لے کہ ہائبرڈ نظام ناکام اور نفرتوں کو پھیلانے کا سبب ہے. انتخابات پر شب خون، مینڈیٹ کی چوری عوام میں غم و غصہ بڑھارہا ہے. سیاسی عدم استحکام قومی معیشت کے لئے مہلک ہوگیا ہے. توانائی کا بحران، پٹرول، ڈیزل پر لیعی،ٹیکسوں اور حکمرانوں کی عیاشیوں، نااہلیوں کا بوجھ عوام کے لئے ناقابلِ برداشت اور زراعت، صنعت، تجارت، گھریلو صنعت کے لئے موت کا پروانہ بن گیا ہے. حکمران آزاد کشمیر، بلوچستان، خیبرپختونخوا میں حالات کو فوجی آپریشن، سکیورٹی فورسز کی اندھی طاقت سے ٹھیک نہیں کرسکتے، قومی ڈائیلاگ، قومی ترجیحات پر حکومت اور قومی قیادت کا وسیع تر اتفاقِ رائے پیدا کرنا مشترکہ قومی فرض ہے.
لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعتِ اسلامی ملک کے تمام بحرانوں کے حل کے لئے آئینی، جمہوری اور قومی ترجیحات پر قومی قیادت کو متحد کرنے کی جدوجہد تیز کررہی ہے. امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن امن و استحکام کے لئے بِلا امتیاز اپوزیشن اور حکومتوں کی قیادت سے ملاقات کررہے ہیں، آزاد کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت سے بھی رابطوں کو بھی بحران کے حل کی طرف لانے کی کوشش کی جارہی ہے.#