شہید رہبر انقلاب کے جسد پاک کی پرشکوہ میزبانی پر عراقی عوام کی قدردانی

تہران – ارنا – اسلامی جمہوریہ ایران کے سینیئر نائب صدر اور شہید رہبر کی الوداعی رسومات کی قومی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد رضا عارف نے نجف اشرف اور کربلائے معلی میں شہید رہبر انقلاب کے جسد پاک کی الوداعی رسومات اور پرشکوہ تشییع جنازہ پر عراق کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

انھوں نے اس تعلق سے ایکس پراپنے پیغام میں لکھا ہے کہ نجف اور کربلا میں شہید رہبر انقلاب کے جسد مطہر کی پرشکوہ تشییع ایران اور عراق اور دونوں ملکوں کی اقوام کی برادری اور مضبوط تہذیبی اور دینی رشتوں کا ثبوت ہے۔

نائب صدر ڈاکٹر محمد رضآ عارف نے اپنی اس پوسٹ میں، پرشکوہ الوداعی رسومات پر عراق کے مراجع تقلید، علمائے کرام، قبائل، گروہوں، عوامی تنظیموں اور حکومت عراق کی قدردانی کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” یہ مقدس رابطہ ٹوٹنے والا نہیں ہے۔”
یاد رہے کہ شہید رہبرانقلاب اور آپ کے کنبے کے شہیدوں کے جسدہائے پاک کی نجف اشرف میں تشیع جنازہ، نماز جنازہ اور دیگر الوداعی رسومات شایان شان شکوہ و عظمت کے ساتھ انجام پائیں جن میں 23 لاکھ سے زائد عقیدتمندوں نے شرکت کی۔

کربلائے معلی میں بھی شہید رہبر کے دسیوں لاکھ عقیدتمند اور عاشقان ولایت آپ کے جنازے کے منتظر ہیں جوعراق کے وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا۔