جماعت اسلامی کا پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان

7 اگست کو اسلام آباد کی مرکزی شاہراہ پر دھرنا دیں گے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان خطاب کریں گے، نصراللہ رندھاوا

اسلام آباد—— امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجنیئر نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ حکومت نے ایک سال میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 16 سو ارب روپے سے زائد کمائے ہیں جبکہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر سال پیٹرولیم لیوی کی آمدن میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک لیٹر پیٹرول پر 76 روپے لیوی وصول کی جا رہی ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل سب سے زیادہ ٹرانسپورٹیشن کے لیے استعمال ہوتے ہیں، اس لیے ان کی قیمتوں میں اضافے سے سبزیوں، پھلوں سمیت تمام ضروری اشیا مہنگی ہو جاتی ہیں۔

نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ غریب ترین طبقے سے بھاری پیٹرولیم لیوی وصول کرنا شرمناک ہے۔ لیوی سے جمع ہونے والی رقم آئی پیز کو دی جاتی ہے۔ ان کے مطابق سالانہ 2200 ارب روپے آئی پی پیز کو ادا کیے جاتے ہیں۔ پاکستان نے آئی پیز سے اتنے مہنگے معاہدے کیے ہیں جیسے کسی اور ملک نے نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دباؤ پر آئی پی پیز کے معاہدے دوبارہ کیے گئے جس سے عوام کو کچھ فائدہ ہوا۔ امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں غربت کی شرح 40 فیصد اور پنجاب میں 42 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ یہ سب ظلم کے نظام کی وجہ سے ہے۔
انجنیئر نصراللہ رندھاوا نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی پاکستان 23 جولائی سے 7 اگست تک ملک بھر میں تحریک چلائے گی۔ اسلام آباد میں ہر یونین کونسل کی سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔ آئندہ جمعہ کو مساجد کے باہر مظاہرے ہوں گے۔ معاشرے کے ہر طبقے سے ملاقاتیں کر کے انہیں تحریک کا حصہ بنایا جائے گا اور موٹر سائیکل ریلیاں نکال کر عوامی شعور بیدار کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 6 اگست کو اسلام آباد کے 8 اہم مقامات پر آگاہی کیمپ لگائے جائیں گے۔ 7 اگست کو ہر یونین کونسل سے موٹر سائیکل ریلی نکال کر ایک مرکزی مقام پر جمع ہوا جائے گا جہاں دھرنا دیا جائے گا۔ دھرنے کے مقام کا تعین آج کر لیا جائے گا۔ 7 اگست کو رات 8 بجے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان مرکزی دھرنے سے آن لائن خطاب کریں گے۔ ان کا خطاب ملک بھر کے دھرنوں سے براہ راست نشر کیا جائے گا۔