جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکرٹری سیاسی امور عامر بلوچ گرفتار

جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکرٹری سیاسی امور عامر بلوچ گرفتار، 7 اگست کو اسلام آباد کی مرکزی شاہراہیں ہر صورت بند ہوں گی

اسلام آباد، یکم اگست 2026: اسلام آباد پولیس نے جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکرٹری سیاسی امور عامر بلوچ کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ تھانہ آبپارہ میں 7 اگست کی ملک گیر احتجاجی کال کے سلسلے میں احتجاجی بینرز لے جانے والی گاڑی کی رہائی کے لیے پولیس حکام سے مذاکرات کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے 7 اگست کے احتجاجی بینرز سے لدی گاڑی کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں، بینرز کی ضبطگی اور انتظامی رکاوٹیں عوام کے آئینی و جمہوری حقِ احتجاج کو سلب نہیں کر سکتیں۔ پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے اور کسی بھی جمہوری معاشرے میں اس حق کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش قابل قبول نہیں۔

شعبہ نشرواشاعت کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کی تیاریوں میں مصروف تھے ، اسلام آباد میں بھی احتجاج ہر صورت ہوگا اور مرکزی شاہراہوں پر بھرپور عوامی احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ گرفتاریاں اور دیگر انتظامی اقدامات جماعت اسلامی کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

امیر اسلام آباد نے کہا کہ عوام مہنگائی، پٹرولیم لیوی، ظالمانہ ٹیکسوں اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ حکومت اگر یہ سمجھتی ہے کہ گرفتاریوں، دباؤ یا بینرز کی ضبطگی سے عوامی آواز کو دبایا جا سکتا ہے تو یہ اس کی غلط فہمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پرامن، منظم اور آئینی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور 7 اگست کا احتجاج ہر صورت منعقد ہوگا۔ اسلام آباد کی مرکزی شاہراہیں عوامی احتجاج کی گواہ بنیں گی اور عوام اپنے آئینی حق کا بھرپور استعمال کریں گے۔