جماعت اسلامی کے دھرنے عوامی موبلائزیشن کا مرکز بن رہے ہیں رندھاوا

اسلام آباد——-امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں کے ہیڈکوارٹرز میں جاری جماعت اسلامی کے دھرنے عوامی موبلائزیشن کا مرکز بن رہے ہیں۔ دھرنوں سے عوام میں بیداری کی نئی لہر پیدا ہوئی ہے اور عوام کی بڑی تعداد اپنے حقوق کی جدوجہد میں شریک ہو رہی ہے۔

دفتر جماعت اسلامی اسلام آباد سے جاری بیان میں نصراللہ رندھاوا کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، پٹرولیم لیوی کا خاتمہ، ظالمانہ ٹیکسز میں کمی اور عوام کو حقیقی معاشی ریلیف دینا جماعت اسلامی کے بنیادی مطالبات ہیں۔ ان مطالبات کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، جبکہ دھرنوں میں عوام کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام مزید مہنگائی اور معاشی بوجھ قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔

امیر اسلام آباد نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے محض احتجاج نہیں بلکہ عوام کو منظم اور متحرک کرنے کی تحریک ہیں۔ ملک بھر میں جاری یہ عوامی موبلائزیشن ان شاء اللہ بڑی تبدیلی اور ایک نئے انقلاب کی تیاری کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔

نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ حکومت عوام کی آواز سنے اور جماعت اسلامی کے جائز مطالبات فوری تسلیم کرے۔ مطالبات کی منظوری تک دھرنا ہر صورت جاری رہے گا، عوام اپنے مطالبات تسلیم کرا کے ہی واپس جائیں گے۔