پمز سانحے کے حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں، ڈاکٹر جمال ناصر

راولپنڈی 3۔ستمبر( ) سابق صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی اور سماجی شخصیت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ پمز ہسپتال میں معصوم بچوں کی ہلاکت کے سانحے کے حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ عوام اور سوگوار خاندانوں کا حق ہے کہ انہیں واقعے کی اصل وجوہات سے آگاہ کیا جائے۔ اب حقائق چھپانے کا زمانہ نہیں رہا۔ ملکی دفاع کا تقاضا ہے کہ حکمران قوم سے سچ نہ چھپائیں اور ہسپتالوں و تعلیمی اداروں میں میرٹ پر تقرریاں یقینی بنائیں۔وہ یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں قاضی فارم ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن نوجوان را ہ نما عبدالمعیزخان، ڈاکٹر شہزاد اقبال شام، مسلم لیگ جونیجو کے صدر اقبال ڈار، نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر شمس الرحمن سواتی، حافظ نسیم محمود خلیل، محمد اسلم خان، پروفیسر فردوس، طارق شاہین، اظہر حفیظ، سینئر صحافی شکیل یامین کانگا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ پمز سانحہ حکمرانوں کے لیے ایک سوالیہ نشان ہے، بتایا جائے کہ معصوم بچوں کا کیا قصور تھا اور ان کی ہلاکت کا ذمہ دار کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے کرپشن کا خاتمہ، میرٹ کا فروغ اور دیانتدار قیادت ضروری ہے۔ نوجوان نسل کو بھی وطن کے دفاع اور تعمیر و ترقی کے لیے تیار کرنا ہوگا۔مقررین نے کہا کہ یوم دفاع ہمیں شہداء کی قربانیوں اور افواج پاکستان کی بہادری کی یاد دلاتا ہے۔ قوم دفاع وطن کے لیے اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے جبکہ نوجوانوں میں حب الوطنی، مثبت سوچ اور ملک کی خدمت کا جذبہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن ترجمان نوجوان را عبدالمعیز خان نے کہا کہ پاکستان روشن مستقبل رکھنے والا ملک ہے اور حکومت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ محمد اسلم خان نے کرپشن کے خاتمے کو ملکی استحکام کے لیے ضروری قرار دیا جبکہ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ قوم وطن کے دفاع کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ متحد ہے۔ اقبال ڈار نے قومی اتحاد برقرار رکھنے اور وطن کی حرمت و تقدس کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔