عوام کے مقبول رہنما عمران خان کی رہائی کے لیے نکالی گئی پُرامن ریلی پرلاٹھی چارج اور غیر قانونی گرفتاریوں کی مذمت

راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور عوام کے مقبول رہنما جناب عمران خان کی رہائی کے لیے نکالی گئی پُرامن ریلی پر سندھ پولیس کی جانب سے کیے گئے لاٹھی چارج اور غیر قانونی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ ریلی کے دوران پرامن کارکنوں کو زبردستی گرفتار کرنا اور ان پر تشدد کرنا سندھ پولیس کے جبر اور ناانصافی کی کھلی مثال ہے۔
پی ٹی آئی پنجاب کے نائب صدر، انجینئر افتخار چوہدری نے سندھ پولیس کے اس ظالمانہ رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مظاہرہ سندھ حکومت کی جانب سے اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، لیکن سندھ میں جمہوری حقوق کو پامال کر کے زرداری کے صوبے میں جبر کی روایت کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔
افتخار چوہدری نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف غیر جمہوری ہیں بلکہ یہ پاکستان میں عوامی آزادیوں کو دبانے کی سازش کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا، “مذاکرات کی باتیں کرنے والے درحقیقت عوام کے ساتھ مذاق کر رہے ہیں۔ یہ حکومت اپوزیشن کی ہر آواز کو دبا کر جمہوریت کا مذاق اڑا رہی ہے۔”
پی ٹی آئی قیادت نے گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے ظلم اور ناانصافی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انجینئر افتخار نے کہا کہ یہ تحریک عوام کے حقوق اور انصاف کے لیے ہے، اور ظلم کا ہر ہتھکنڈہ ناکام ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جمہوری اقدار اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کریں اور ایسے ہتھکنڈوں کے خلاف ڈٹ جائیں

اپنا تبصرہ لکھیں