نوازشریف نے بھارت کے ساتھ سیز فائر کے بعد بیان جاری کر دیا

پاکستان کے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ اللّہ ربّ العزت کا شکر ہے کہ اس نے پاکستان کو سر بلند کیا۔

تفصیلات کے مطابق نوازشریف نےایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ  میں، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف، فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر سندھو اور افواجِ پاکستان کو شاباش اور مبارکباد دیتا ہوں۔ پاکستان امن پسند ملک ہے اور  امن کو ترجیح دیتا ہے مگر اپنا دفاع کرنا بھی جانتا ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور سلامتی کیلئے کوشش کی، پاکستان نے امن کی کاوشوں میں خودمختاری، سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

اسحق ڈار نے کہا کہ کچھ دیر بعد وزارت خارجہ کی جانب سے تفصیلی پریس ریلیز جاری ہوگی، قوم کی دعاوں سے پاکستان نے بھرپور دفاع کیا، نہ صرف دفاع کیا، بلکہ جو رسپانس دینا چاہیے تھا وہ دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مختلف ممالک 24 گھنٹوں سے جنگ بندی کےلی کوشش کررہے تھے، ہماری ایک ہی بات تھی کہ ہم سیز فائر کیلئے تیار ہیں، بھارت اگر قدم اٹھاتا تو ہم جواب دیتے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت سیز فائر پر تیار ہوگئے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تصدیق کردی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایکس پیغام میں کہا کہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر راضی ہوگئے ہیں، دونوں ملکوں نے سمجھداری کا مظاہرہ کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کو فیصلہ کرنے پر مبارکباد دیتے ہیں۔

قبل ازیں پاکستان نے بھارت کی جارحیت کے جواب میں ہفتہ کی رات آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ شروع کیا تھا، جس میں بھارت کے ایئر بیسز، فوجی تنصیبات اور اسلحہ ڈپوؤں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔