سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کے اہلخانہ کے بینک اکائونٹس منجمد کرنے پر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔سندھ ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران عارف علوی کے وکیل نے بتایا کہ سابق صدر مملکت، اہلیہ اور بچوں کے بینک اکائونٹس منجمد کر دیئے گئے ، ایف آئی اے نے انکوائری کی بنیاد پر پوری فیملی کے بینک اکائونٹس منجمد کئے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیتے ہیں۔اس پر وکیل نے کہا کہ پوری فیملی کے اکائونٹس منجمد کرنے سے روز مرہ کے اخراجات پورے کرنے مشکل ہوگئے ۔عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو بھی تو فیس کی ادائیگی کی گئی ہوگی جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ یہ کیس بغیر فیس کے لڑ رہا ہوں، عدالت نے کہا کہ فریقین کے جواب آنے دیں پھر دیکھتے ہیں۔بعدازاں سندھ ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5 جون کو جواب طلب کر لیا۔
