7 اگست احتجاجی کال کے سلسلے میں آگاہی مہم تیز، انتظامیہ کی جانب سے بینرز کو تحویل میں لینا آزادی اظہار رائے پر کھلا حملہ ہے ، سب ہتھکنڈے فضاؤں میں تحلیل ہوں گے ، ہر صورت شاہراؤں کو بند کریں گے:نصراللہ رندھاوا
اسلام آباد —— امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر 7 اگست کو مہنگائی، پٹرولیم لیوی، ظالمانہ ٹیکسوں اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف اسلام آباد میں ہر صورت بھرپور عوامی احتجاج ہوگا اور مرکزی شاہراہیں بند کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، اس لیے اب عوام اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی میلوڈی میں میڈیا کو جاری بیان میں کیا۔
انجینئر نصراللہ رندھاوا کا کہنا تھا کہ احتجاجی کال کے سلسلے میں اسلام آباد بھر میں مارکیٹس کے دورے، کارنر میٹنگز اور آگاہی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ تاجروں، وکلاء، طلبہ، اساتذہ، نوجوانوں اور دیگر طبقات کی جانب سے احتجاجی تحریک کی بھرپور حمایت سامنے آ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 6 اگست کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے خواتین کا عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی نے انتظامیہ کی جانب کی بینرز کی ضبطگی کو ریاستی جبر قرار دیتے ہوئے اسلام آباد کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 6 اور 7 اگست کے احتجاجی پروگراموں میں بھرپور شرکت کر کے مہنگائی، پٹرولیم لیوی اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کریں اور اس پرامن عوامی تحریک کو کامیاب بنائیں۔
