اے آئی کا کورس بطور اختیاری مضمون یا معاون مضمون پڑھایا جا سکے گا، تمام ڈگری پروگرامز کا لازمی حصہ بنایا جائے گا۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان (ایچ ای سی) نے ملک بھر کے تمام ڈگری پروگراموں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر لازمی کورس شامل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی سیشن 2026 سے تمام ڈگری پروگرامز میں مصنوعی ذہانت پر مشتمل 3 کریڈٹ آورز کا کورس لازمی طور پر متعارف کرایا جائے گا۔ اس حوالے سے ملک بھر کے تمام سرکاری و نجی شعبے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں، وائس چانسلرز، ریکٹرز اور جامعات کے سربراہان کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ایچ ای سی کے مطابق اے آئی کا کورس بطور اختیاری مضمون یا معاون مضمون پڑھایا جا سکے گا، تاہم اسے تمام ڈگری پروگرامز کا لازمی حصہ بنایا جائے گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نصاب میں مصنوعی ذہانت کا انضمام محض ایک اضافہ نہیں بلکہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ 21ویں صدی کے بدلتے منظرنامے میں مصنوعی ذہانت ایک انقلابی قوت کے طور پر ابھری ہے۔