نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت میں نریندر مودی کے سیاہ دور میں تمام اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کےساتھ تذلیل و توہین آمیز روئیے شدّت اختیار کرگئے ہیں۔ حال ہی میں راجستھان میں بی جے پی کے متعصب انتہا پسند نے غریب مستحق لوگوں میں امداد کی تقسیم کے دوران غریب مسلمان خواتین کو امدادی سامان دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ تمہارا جرم یہ ہے کہ تم مسلمان ہو اور مودی کو گالی دیتے ہو۔ بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے خلاف بڑھتا تشدّد اور تعصّب ہندو انتہا پسندی کا مکروہ چہرہ ہے اور ہندوتوا کے پرچارک، متشدّد انتہا پسند بی جے پی کے جنونیوں کی مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز سوچ کی عکاس ہے۔ اقوامِ متحدہ کی سکیورٹی کونسل بھارت میں اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کے ساتھ نفرت آمیز امتیازی سلوک اور ظلم و جبر پر مبنی اقدامات کے خلاف سخت اقدامات کرے۔ جمہوری ممالک میں انتہا پسند اور منتقم مزاج قیادتوں کا وجود جمہوریت اور انسانیت کے لئے زہرِ قاتل ہے۔
لیاقت بلوچ نے مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور اب پنجاب میں بھی دہشت گردی کے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ پاکستان میں منظم دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ انڈیا ہے۔ بھارت معرکہِ حق میں پاکستان سے ذِلت آمیز شکست کے بعد اپنے زخم چاٹ رہا ہے اور پاکستان کے خلاف زہریلے پروپیگنڈہ اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذریعے عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش کررہا ہے۔ فتنہ الخوارج، فتنۃ الہندوستان کے خلاف سکیورٹی اداروں کے افسران اور جوانوں کی شہادتیں پوری قوم کے لئے باعثِ فخر ہیں۔ سکیورٹی اداروں کے جوان اپنی جانیں قربان کرکے ملک و مِلت کی حفاظت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ پوری پاکستانی قوم ملک دشمن قوتوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے ہر اقدام کے ساتھ کھڑی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے لئے ملک کے اندر سیاسی بحران ختم کئے جائیں، عوام اور اداروں کے درمیان بڑھتے فاصلے ختم کئے جانے چاہئیں اور قومی اتفاقِ رائے سے ازسرِنو قومی ایکشن پلان ترتیب دیا جائے۔ افواجِ پاکستان کی کامیابی کے لئے پوری قوم دُعاگو ہے لیکن پوری قوم کی پشتیبانی حاصل کرنے کے لئے حکومت اور سکیورٹی ادارے عوام کے اندر موجود عدم اطمینان اور مایوسی کے خاتمہ کے لئے بھی اقدامات کریں۔#
