شہر قائد سمیت ملک بھر کے لیے بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے، اس حوالے سے نیپرا میں سماعت مکمل کرلی گئی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی میں کراچی سمیت ملک بھر کے لیے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 78 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کرلی گئی۔ نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو بعد میں جاری کیا جائے گا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جنوری کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی تھی اور ایک روپے 78 پیسے فی یونٹ اضافے کی استدعا کی تھی۔
سماعت میں بریفنگ دی گئی کہ جنوری میں 8 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی گئی۔ بریفنگ کے مطابق جنوری میں فی یونٹ فیول لاگت کا تخمینہ 10 روپے 39 پیسے تھا تاہم اصل فی یونٹ فیول لاگت 12 روپے 17 پیسے رہی۔
سی پی پی اے حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ پن بجلی سے کم پیداوار اور کھپت زیادہ رہنے کے باعث قیمت میں اضافہ ہوا۔
ممبر نیپرا پنجاب آمنہ احمد نے سماعت کے دوران کہا کہ بجلی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ ہمیں تو بہتری کی امید تھی مگر چیزیں الٹی طرف جا رہی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جنوری میں فرنس آئل والے پلانٹس کیوں چلائے گئے؟
حکام نے جواب دیا کہ پیک ڈیمانڈ بڑھنے سے طلب پوری کرنے کے لیے فرنس آئل والے پلانٹس چلائے گئے۔
ممبر نیپرا مقصود انور نے کہا کہ جو اضافہ مانگا گیا ہے اس کی وجہ فرنس آئل کا استعمال ہے۔ آمنہ احمد نے ایک بار پھر کہا کہ ابھی تک جو سوچا ہوا تھا چیزیں اس کے الٹ ہی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ سی پی پی اے کی جانب سے دائر درخواست کے مطابق حکومتی پالیسی گائیڈلائنز کے تحت اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔
