اسلام آباد —– جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ترامڑی ہسپتال کی فوری تعمیر کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ ہسپتال کے لیے مختص زمین پر تاحال تعمیراتی کام شروع نہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔
اس موقع پر صدر سیاسی کمیٹی ہما ایوب ، ناظم زون فرید خان ، سردار الیاس سمیت مقامی راہ نما موجود تھے۔
نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ غوری ٹاؤن، برما ٹاؤن اور لہترار روڈ کے مکین صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور انہیں علاج معالجے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رقبہ اور فنڈز مختص ہونے کے باوجود ہسپتال کی تعمیر نہ ہونا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ہم مطالبہ کیا کہ ترامڑی ہسپتال کے منصوبے پر فوری طور پر عملی کام شروع کیا جائے تاکہ علاقے کے عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
قبل ازیں امیر اسلام آباد نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک قرآن کا مہینہ ہے ، اللہ رب العزت کے اپنے تعلق کو بڑھانے اور احکامات کی پاسداری کا نام ہے۔ مسلمان کے لیے محض رمضان المبارک ہی نہیں بلکہ اپنی زندگی کا ہر لمحہ ، سال بھر اپنے خالق کی اطاعت میں گزارنا ہے۔
