اسلام آباد——–
شہید سید علی خامنہ ای کی مرکزی غائبانہ نماز جنازہ، جامع مسجد الفرقان میں ادا کردی گئی
اسلام آباد میں شہید سید علی خامنہ ای کی مرکزی غائبانہ نماز جنازہ جامع مسجد الفرقان آئی ایٹ میں انتہائی عقیدت، احترام اور رقت آمیز ماحول میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ کی امامت نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم نے کرائی جبکہ امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا سمیت مختلف مکاتب فکر کے علما، سیاسی رہنما اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے شہید سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
نماز جنازہ کے بعد خطاب کرتے ہوئے میاں محمد اسلم نے کہا کہ ہم آیت اللہ خامنہ ای کی استقامت، جرات اور مزاحمت کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی عظیم جدوجہد، غیر متزلزل ثابت قدمی اور شہادت کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک با غیرت مسلمان کی نگاہ ہمیشہ اللہ تعالیٰ پر ہوتی ہے اور ایسی عظیم شخصیات جسمانی طور پر رخصت ہو کر بھی تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ انہوں نے اپنی 86 برس کی زندگی قوم اور اپنے ملک کے لیے وقف کیے رکھی۔ وہ بڑھاپے کے باوجود عزم و ہمت کے ساتھ میدان میں ڈٹے رہے۔ ان کی شہادت کمزور ایمان والوں کے لیے واضح اور دوٹوک پیغام ہے کہ حقیقی شہادت غلامی کی زندگی میں حاصل نہیں ہوتی۔
اختتام پر شہید کے درجات کی بلندی، امت مسلمہ کے اتحاد اور مظلوم مسلمانوں کی نصرت کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی، جبکہ شرکاء نے شہید کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
