لیاقت بلوچ نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کی عیادت کی

لاہور——نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات اور عیادت کی اور سابق وفاقی وزیر کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے، ایرانی قیادت کی شھادت ، پاک افغان تنازعہ ، خیبر پخوتونخواہ اور بلوچستان میں امن عامہ کی بگڑی ہوئی صورتحال سمیت سمیت ملکی و علاقائی مسائل پر گفتگو کی۔
دونوں رہنماؤں نے ایران پر امریکی و اسرائیلی کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ایران پر حملہ امریکی و اسرائیلی دہشت گردی ہے۔ انہوں نے افغانستان سے معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اندورنی مسائل کے حل اور سیاسی استحکام کے لیے سیاسی قیادت کو مل بیٹھنا چاہیے ، معاشی استحکام اور امن کا قیام سیاسی استحکام کے بغیر ممکن نہیں۔
سعد رفیق نے کہا کہ لیاقت بلوچ سے نیاز مندی ، احترام اور محبت کا مضبوط رشتہ دہائیوں سے قائم ہے۔ انہوں نے عیادت کرنے پر لیاقت بلوچ کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دعا کی کہ اللہ پاکستان ، ایران اور غزہ سمیت ساے عالم اسلام کی حفاظت فرمائے۔