پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان 8 مارچ عالمی یومِ خواتین

سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان و سابق ڈپٹی اسپیکر جی بی اسمبلی سعدیہ دانش نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 8 مارچ کا دن دنیا بھر کی خواتین کی جدوجہد، قربانیوں اور کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ خواتین نے ہر شعبۂ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور معاشرے کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ خواتین کے حقوق، بااختیاری اور مساوی مواقع کی علمبردار رہی ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں خواتین کی قیادت اور جمہوری جدوجہد کی ایک روشن مثال قائم کی۔ آج بھی پیپلز پارٹی اسی فکر اور فلسفے کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

سعدیہ دانش نے کہا کہ گلگت بلتستان کی باہمت خواتین بھی تعلیم، صحت، سماجی خدمات اور سیاست سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کو تعلیم، روزگار اور فیصلہ سازی کے عمل میں مزید مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد، ناانصافی اور امتیازی سلوک کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے قابلِ قبول نہیں۔ ہمیں ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا جہاں خواتین کو عزت، تحفظ اور مساوی حقوق حاصل ہوں۔

آخر میں انہوں نے تمام خواتین کو عالمی یومِ خواتین کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط، بااختیار اور باوقار عورت ہی ایک مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔