مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

موجودہ علاقائی صورتحال پر پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے درمیان ہونے والے مشاورتی اجلاس میں تفصیلی اور نتیجہ خیز بات چیت کے بعد خطے میں جاری تنازعات کے جلد اور مستقل خاتمے پر زور دیا گیا جبکہ چاروں وزرائے خارجہ کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں انتہائی مثبت اور مفید رہیں اِن ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال، اَمن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسلام آباد میں ہونے والے چار ملکی مشاورتی عمل کے دوسرے اجلاس کے متعلق اْن کا کہنا تھا کہ پہلا اجلاس 19 مارچ کو منعقد ہوا تھا جس میں موجودہ علاقائی کشیدگی، انسانی جانوں کے نقصان اور معاشی اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اْن کا کہنا تھا کہ جاری تنازعہ انتہائی افسوسناک ہے کیونکہ اِس کے اثرات پورے خطے میں عوام کی زندگیوں اور معیشت پر پڑ رہے ہیں۔ ممکنہ امریکہ ایران مذاکرات کے حوالے سے تینوں مہمان وزرائے خارجہ نے پاکستان میں ہونے والے ایسے تمام سفارتی اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا جن کا مقصد کشیدگی میں کمی، عسکری تصادم کے خطرات کو کم کرنا اور بامعنی مذاکرات کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہو۔ اْن کا مزید کہنا تھا کہ وزیرِاعظم شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلسل علاقائی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں ہے اور تنازعہ کے خاتمے کے لیے ہر ممکن سفارتی کوشش میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ اْنہوں نے یہ بھی کہا کہ حالیہ دنوں میں اْن کی اقوامِ متحدہ کے سیکرِٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت مختلف عالمی رہنماؤں سے ٹیلیفون پر تفصیلی گفتگو بھی ہوئی جس میں پاکستان کی طرف سے کی جانے والی اَمن کی کوششوں کی مکمل حمایت کا یقین دلایا گیا۔ اسحاق ڈار کے مطابق اْنہوں نے دنیا کے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی رابطے کیے ہیں تاکہ جاری تنازعے کے مستقل اور پائیدار حل کے لیے عالمی حمایت حاصل کی جا سکے۔ اِس سے قبل مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کو روکنے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں اہم بیٹھک ہوئی جس میں پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا۔ یہ اجلاس نائب وزیرِاعظم کی دعوت پر ہوا جس میں مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی اور قیام اَمن کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا چاروں وزرائے خارجہ نے آئندہ بھی قریبی رابطے میں رہنے اور مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وزیرِاعظم سے اہم ملاقات کی جس میں اسحاق ڈار، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیرِاعظم نے سعودی وزیر خارجہ کو پاکستان کی طرف سے سعودی عرب کیساتھ مکمل اور غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا