مِلی یکجہتی کونسل کا سربراہی اجلاس طلب

نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عالمی حالات، عالمِ اسلام کی صورتِ حال، خطہ میں ایران، افغانستان کے اُمور اور اتحادِ اُمت کے تناظر میں مِلی یکجہتی کونسل کا سربراہی اجلاس طلب کیا جارہا ہے جس میں دینی، قومی اور سِول سوسائٹی کی نمایاں شخصیات کو بھی دعوت دی جائے گی۔ مِلی یکجہتی کونسل عالمِ اسلام کے اتحاد، پاکستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، استعماری قوتوں کی مزاحمت کے لئے عوام میں دینی قوتوں کو مضبوط کرنے اور نفاذِ اسلام کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ لیاقت بلوچ نے بہاولپور، احمد پور شرقیہ، اوچ شریف، ملتان، اوسیاہ مری اور اسلام آباد میں ورکرز کنونشنز، دینی مدارس کی سالانہ تقریب اور بیٹ احمد میں عرفان بلوچ شہید کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
امریکہ مذاکرات کی میز پر بھی ناکام رہا، اسرائیل کی ناجائز سرپرستی امریکی زوال کا باعث بن گئی ہے۔ ایران، امریکہ اور اسرائیل کے ناجائز مسلّط کردہ جنگ میں بھی سُرخرو رہا اور مذاکرات کی میز پر بھی کامیاب رہا ہے۔ امریکہ اب ایران کی جائز شرائط کو مان لے اور دُنیا کو امن سے رہنے دے۔ دُنیا بھر کے عوام امریکی صدر اور صیہونی جنگی مجرم نیتن یاہو کے جنگی جنون سے تنگ آگئے ہیں۔ امن، معاشی ترقی اور جان مال عزت کی حفاظت پوری دُنیا کے عوام کا بنیادی حق ہے۔ روس، چین، یورپ اور عالمِ اسلام کی قیادت دُنیا میں امن کے قیام، اقوامِ متحدہ کو تباہی سے بچانے اور امریکہ، اسرائیل کے جنگی جنون سے دُنیا کو محفوظ بنانے کے لئے مضبوط لائحہ عمل بنائیں۔ یورپ اور کینیڈا کی طرف سے امریکی صدر ٹرمپ کے پاگل پن کے مقابلہ میں اقدامات حوصلہ افزاء ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم مُنیر سفارتی محاذ اور جنگی محاذ پر بڑی کامیابی کے بعد ملک کے اندر سیاسی، معاشی، انتظامی بحرانوں پر قابو پانے، حل تلاش کرنے کے بھی اقدامات کریں۔ سیاسی بحران سفارتی محاذ پر کامیابیوں کو ماند کررہا ہے، ملکی اندرونی استحکام آئین کا مکمل نفاذ، عوام کے جمہوری انتخابی حقوق کی حفاظت اور آزادانہ، غیرجانبدارانہ عدل و انصاف کا نظام ناگزیر ہے۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف بلوچستان، خیبرپختونخوا میں بدامنی اور سیاسی اختلافات کی وجہ سے وفاق اور صوبوں میں انتہاء درجہ کی بداعتمادی کا خاتمہ اور اس حوالے سے قومی لائحہ عمل کے لئے فوری طور پر قومی کانفرنس بلائیں، صرف سفارتی محاذ پر سرگرمیاں اور ثالثی کردار کافی نہیں۔
لیاقت بلوچ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اور پنجاب کی حکومتیں گندم کے کاشت کاروں کو تباہی سے بچائیں، گزشتہ دو سیزن سے کِسان رُل گیا ہے، تیسرا سیزن تباہ نہ کیا جائے۔ کِسانوں، ہاریوں کو مڈل مین کے ظلم سے نجات دِلائی جائے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ کراچی میں زبردستی میئر مسلّط کرنے کی پی پی پی قیادت کی غیرجمہوری خواہش کراچی کے عوام اور خود پیپلز پارٹی کے لئے تباہی اور زوال کا سبب بن گئی ہے۔ پی پی پی قیادت تکبّر، غرور اور غیرجمہوری اسلوب سے باہر آئے، کراچی کے عوام سے معافی مانگے اور میئر کراچی کا ازسرِنو انتخاب کرایا جائے۔ پی پی پی قیادت کی ضِد اور زور زبردستی اُس کا سندھ سے بھی صفایا کردے گی