نائب امیر جماعت اسلامی, سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ علّامہ اقبال (رح) نے انقلابی، بامقصد اور اُمت کو راہ راست پر لانے والے کلام کے ذریعے جذبہ، عزم، جدوجہد کی ہمت دی۔ علامہ اقبال نے انسان دشمن استعماری نظاموں کو بےنقاب کیا اور انسانیت کی بقاء، آزادی اور ترقّی کے لئے اسلام کے آفاقی نظام کی حقانیت کو پورے دلائل کے ساتھ پیش کیا- علّامہ نے اُمت کو عروج کا راستہ دکھایا لیکن تعصبات، انتشار، قیادت کی مفاد پرستی نے عالم اسلام پر بدبختی اور اغیار کے سامنے جُھکنے کی ذلت مُسلط کردی۔ فلسطینیوں، کشمیریوں، افغانیوں اور ایرانیوں نے علّامہ اقبال کے انقلابی کلام سے جذبے پاکر مِلّت اسلامیہ کو آزادی، وقار اور غیرت مندی کا نیا درس دیا ہے۔ اسلامیان پاکستان علّامہ اقبال کی فِکر اور قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت کے راہنما اصولوں سے جڑکر آج بھی آزادی کے پاسبان بن کر ترقّی اور عِزت پائیں گے۔
لیاقت بلوچ نے ایبٹ آباد، حویلیاں، راولپنڈی میں جماعت اِسلامی کے سینئر رہنما ڈاکٹر اسحٰق شیخ مرحوم کی تعزیت اور سیاسی، ممبر سازی مہم کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ مذاکرات میں رکاوٹ اور تاخیر کے ذمہ دار ہیں۔ سَب امن چاہتے ہیں؛ ناانصافی، جبر اور یزیدی رویوں سے امن قائم نہیں ہوسکتا۔ امریکہ، اسرائیل، انڈیا نے ایران، فلسطین اور کشمیر پر ظلم مُسلط کیا، دُنیا کو بدامنی دی اور خود بھی ذلیل و رُسوا ہوئے۔ پاکستان کی سفارتی کوششیں شاندار ہیں، جنگ بندی میں توسیع امن سفارت کاری کی کامیابی ہے لیکن یہ امر خیاں ہے کہ انڈیا، اسرائیل ہندوتوا اور صیہونیت پر مبنی نفرت آمیز نظریوں کے باعث عالمی اور علاقائی امن کو تباہ کرنے اور امن کی ہر کوشش کو ناکام بنانے پر تلے ہوئے ہیں۔
لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر اور گلگت بلتستان کے رہنما مشتاق احمد ایڈووکیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انتخابات کے حوالے سے جماعت اسلامی کی انتخابی تیاریوں کو سراہا اور کہا کہ اسلام آباد، راولپنڈی، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام، ووٹرز کو آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخاب کا حق دیا جائے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کی بقا و سلامتی اور ترقی و استحکام آئین پاکستان کے مکمل نفاذ اور بااختیار، بااعتماد جمہوری نظام کے تسلسل سے وابستہ ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کے کاشتکاروں کو 3500 روپے من قیمت نہیں مل رہی۔ سرکاری تاخیری حربے کسانوں کو لوٹنے اور زراعت کو تباہ کرنے کا باعث ہیں۔
