کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب بغیر کسی تاخیر کے دیا جائے گا۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ہم قوم کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں پوری قوت کے ساتھ مصروف ہیں، کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب بغیر کسی تاخیر کے دیا جائے گا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفرآباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جنرل عاصم منیر نے جموں و کشمیر یادگار پر پہنچ کر شہداء کے یادگار پر پھول چڑھائے اور شہداء کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے آرمی چیف نے کشمیر میں چیلنجنگ آپریشنل حالات کے باوجود تعینات افسروں اور سپاہیوں کی غیر متزلزل لگن، پیشہ ورانہ عمدگی اور جنگی تیاری کی بھی تعریف کی، انہوں نے ان کے بلند حوصلے اور چوکسی کی تعریف کی اور آپریشنل تیاری کو بلند رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ کسی بھی دشمنانہ اشتعال انگیزی کا مقابلہ کیا جا سکے۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ آرمی چیف نے کشمیر کے اہم شخصیات اور بزرگوں سے ملاقات کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا، اس موقع پر جنعل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کے مظالم اور بڑھتی ہوئی ہندوتوا انتہاپسندی کشمیری عوام کے عزم کو مضبوط کرتی ہے جو اپنے حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں مصروف ہیں، پاکستان ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ریاستی جبر و استبداد کے خلاف ان کے جائز اور حق پر مبنی مقصد کی حمایت کرے گا، کوئی شک نہیں کہ کشمیر ایک دن آزاد ہو گا اور کشمیر کے عوام کی آزاد مرضی اور تقدیر کے مطابق پاکستان کا حصہ بنے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں