بھارت کے جارحانہ رویے اور اشتعال انگیز بیانات پر تشویش کا اظہار

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے جارحانہ رویے اور اشتعال انگیز بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ قوم متحد اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان ملکی سالمیت پر سمجھوتا نہیں کرے گا۔

مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے واقعے کے بعد صدر آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی، اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔

ملاقات کا اعلامیہ جاری
صدر مملکت اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران صدر اور وزیراعظم نے بھارت کے جارحانہ رویے اور اشتعال انگیز بیانات پر تشویش کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں بھارت کے جارحانہ رویے ، ممکنہ جارحیت پر پاکستان کے ردعمل کا جائزہ لیا گیا جبکہ بھارت سے کشیدگی کے پیش نظر سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پہلگام حملے کے حوالے سے بھارتی قیادت کی جانب سے بغیر کسی تحقیقات کے لگائے گئے الزامات پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

اعلامے کے مطابق پاکستان 2 دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار رہا ، بے پناہ انسانی اور معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، عالمی برادری دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے پاکستان میں عسکریت پسندوں کو فنڈنگ، تربیت اور بھیجنے میں بھارت کے ملوث ہونے کا نوٹس لے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی بے بنیاد الزامات پر حکومت کے ردعمل اور ذمہ دارانہ انداز میں صورتحال سے نمٹنے کو سراہا۔

آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری ، علاقائی سالمیت اور اہم قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان علاقائی سالمیت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔

صدر اور وزیراعظم کے ملاقات کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ بھارتی رویے سے علاقائی امن کو خطرہ ہے تاہم افواج پاکستان کسی بھی خطرے اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ قوم متحد اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے کوویڈ 19 سے صحت یاب ہونے کے بعد صدر مملکت آصف زرداری کی صحت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔